ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے پرنس کریم آغا خان کے نام تعزیتی خط

مورخہ: 13 مئی 2015ء

کراچی سانحہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار، دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت‎
واقعہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ

لاہور (13 مئی 2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعہ میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراد کی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے پرنس کریم آغا خان کو خط لکھ کر واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا یہ واقعہ صوبائی اور وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ بلاشبہ پاکستان کے استحکام، ترقی اور دفاع کے حوالے سے اسماعیلی کمیونٹی کی خدمات قابل قدر ہیں اور دہشتگردی کی جنگ میں اسماعیلی کمیونٹی نے بہت قربانیاں دیں، پاکستان عوامی تحریک دہشتگردی کے خاتمہ کے حوالے سے ایک واضح موقف رکھتی ہے اور دہشتگردی کی ہر شکل کے خاتمہ کیلئے بر سر پیکارہے۔ اسماعیلی کمیونٹی کو ایک سازش کے تحت گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ اب کراچی میں بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ موجودہ حکمرانوں کی اولین ذمہ داری ہے مگر افسوس یہ ذمہ داریاں پوری نہیں ہو رہیں۔ یہ سانحہ موجودہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کا نتیجہ عوام وسیع پیمانے پر جانی و مالی نقصان کی صورت میں بھگت رہے ہیں ۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top