حکومت ناکام ہو چکی، پورے صوبے کا لاء اینڈ آرڈر رینجرز کے حوالے کیا جائے‎۔ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 25 مئی 2015ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو سزا ملتی تو سانحہ ڈسکہ نہ ہوتا: ڈاکٹر طاہرالقادری
قومی ادارے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے حکمرانوں نے پولیس کو قتل عام کا لائسنس دیا
وکلاء کی طرف سے اعلان کردہ سوگ میں شریک ہونگے، پولیس نے دہشتگردوں کے نقاب اوڑھ لیے
جب تک جعلی جمہوریت اور ظالمانہ نظام برقرار ہے عوام سے ظلم ہوتا رہے گا، یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب

لاہور (25 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے 26 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مجرموں کو سزا مل جاتی تو سانحہ ڈسکہ نہ ہوتا، قومی ادارے پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے حکمرانوں نے اسے قتل عام کا لائسنس دے رکھا ہے، ڈسکہ کا واقعہ انتہائی قابل مذمت اور صوبہ میں لاقانونیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء کی شہادت پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا نوٹس خوش آئند ہے اس سے کسی کو حقائق مسخ کرنے کی جرات نہیں ہو گی تاہم سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 14 شہداء کے روح فرسا واقعات کا بھی سوموٹو نوٹس لے لیا جاتا تو آج شہداء کے لواحقین کو انصاف مل چکا ہوتا اور قاتل حکمرانوں کو جعلی رپورٹیں جاری کر کے عوام اور قانون کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی جرات نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ہم وکلاء کی طرف سے اعلان کیے گئے سوگ اور یوم سیاہ کی مکمل حمایت کرتے ہیں اس سوگ میں پاکستان بھر کے عوامی تحریک کے وکلاء رہنما شریک ہونگے۔ انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ظلم کے خاتمے کی جدوجہد میں شہداء کا خون شامل ہو چکا ہے، ظلم کے نظام کو بدلنے کیلئے کارکن جدوجہد تیز تر کر دیں جب تک جعلی جمہوریت اور ظالمانہ نظام برقرار ہے عوام سے ظلم ہوتا رہے گا۔

یوم تاسیس کے اجلاس میں مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، سیکرٹری خرم نواز گنڈاپور، شیخ زاہد فیاض، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار غضنفر ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ اور بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ میں حکومت اور پولیس مکمل طور پر ناکام ہو چکی، صوبہ کا لاء اینڈ آرڈر رینجرز کے حوالے کیا جائے۔ عوامی تحریک ظالموں کے خلاف لڑرہی ہے۔ پنجاب پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چکا ہے، پولیس کا ظلم پوری قوم دیکھ اور بھگت رہی ہے۔ ہم دعوے سے کہتے ہیں کہ ڈسکہ والے کیس میں بھی سب سے بڑا سرکاری دہشتگرد رانا ثناء اللہ سامنے آ گیا ہے اب ساری رپورٹیں قاتلوں کے حق میں آئیں گی۔

خرم نواز گنڈاپور نے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے دہشتگردوں والا نقاب اوڑھ لیا ہے۔ پنجاب پولیس کی لاقانونیت کا کلچر اب دیگر صوبوں کا رخ بھی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں پولیس کی طرف سے ہونے والی غنڈہ گردی کے کرب سے باہر نہیں نکلی تھی کہ سانحہ ڈسکہ ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس پاکستان کو کمزور کررہی ہے بہتر ہو گا کہ اس دہشتگرد فورس کو ختم کرکے فوج کی نگرانی میں نئی بھرتیاں کی جائیں اور پولیس کا کنٹرول بھی براہ راست فوج کے پاس ہونا چاہیے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top