ایٹمی پاکستان، لوڈشیڈنگ اور غربت کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے: ڈاکٹررحیق عباسی

مورخہ: 28 مئی 2015ء

معاشی دھماکہ کرنے کے دعویداروں نے بیرونی قرضے لینے کا ریکارڈ قائم کر کے معیشت کا دھماکہ کر دیا
شریف حکومت کے 2 سالہ دور میں 2 فیصد شرح خواندگی کم ہوئی، ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب

لاہور (28 مئی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا ہے کہ ایٹمی پاکستان لوڈشیڈنگ اور غربت کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ معاشی دھماکہ کر نے کے دعویداروں نے بیرونی قرضے لینے کا ریکارڈ قائم کر کے معیشت کا دھماکہ کر دیا۔ ایٹم بم پاکستان کے سائنسدانوں نے بنایا مگر ہر سال بجٹ آئی ایم ایف بناتا ہے۔ 65 سال بعد بھی پاکستان معاشی غلامی سے نجات حاصل نہیں کر سکا۔ شریف حکومت کے دو سالہ دور اقتدار میں 2فیصد شرح خواندگی کم ہوئی جو ایٹمی ملک پاکستان کے حکمرانوں کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوم تکبر منانے والے جب سے برسراقتدار آئے ہیں غریب عوام کے گلے پر ناجائز منافع خور مافیا روزانہ کی بنیاد پر تکبیر پڑھ رہا ہے۔ رمضان المبارک سے قبل اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 15فیصد بلاجواز اضافہ ہوچکا، ایٹم بم کے نام نہاد پروڈیوسر اور ہدایت کار ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو اب انصاف، روزگار، عزت نفس چاہیے، ایٹمی ملک کے ہونے کے اعزازات کے سیاسی ڈراموں سے غریب کا پیٹ نہیں بھرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب سے شریف حکومت اقتدار میں آئی ہے ترقی کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top