سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں

مورخہ: 28 مئی 2015ء

‎14 جون کو ڈاکٹر طاہرالقادری 17 جون کے حوالے سے اہم اعلان کرینگے۔ شیخ زاہد فیاض
سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت گری اور حکومتی بربریت و تشدد کی بدترین مثال ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری شہید کارکنوں کے خون کا آئین و قانون کے مطابق قصاص مانگ رہے ہیں
ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات پر 23 مئی سے 14 جون تک ملک کے 44 سے زائد شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے

لاہور (28 مئی 2015) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت گری اور حکومتی بربریت و تشدد کی بدترین مثال ہے۔ پنجاب حکومت کے تحت قائم کی گئی جعلی جے آئی ٹی کی رپورٹ نے آئین، قانون، جمہوریت اور بین الاقوامی اقدار کی دھجیاں اڑا دیں۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نہتی خواتین کو بھی براہ راست گولیوں کا نشانہ بنایا کر شہید کیا گیا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام ملک کے 44 بڑے شہروں میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہونے والے احتجاجی مظاہروں کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر حنیف چودھری، ساجد بھٹی، جواد حامد، شہزاد رسول، بشارت جسپال، مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، حافظ غلام فرید و دیگر بھی موجود تھے۔

شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ 23 مئی سے 14 جون تک ہونے والے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں ہم اپنے شہید و زخمی کارکنوں کے ساتھ تجدید عہد کررہے ہیں کہ ہم آپکی عظیم قربانیوں کو نہیں بھولے اور نہ آپکے قاتلوں کی پھانسی تک چین سے بیٹھیں گے۔ حکمرانوں کے مظالم، جھوٹے مقدمات اور انتقامی کارروائیاں کارکنوں کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا مطالبہ دیت نہیں قصاص ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری شہید کارکنوں کے خون کا آئین و قانون کے مطابق قصاص مانگ رہے ہیں۔ شہید و زخمی کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کے ماتھے کا جھومر اور گراں قدر سرمایہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایات اور رہنمائی سے ملک کے 44 سے زائد شہروں میں احتجاجی مظاہروں کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ 29 مئی کو گوجرانوالہ، نارروال، 30 مئی کو اوکاڑہ، ہارون آباد، 31 مئی کو ملتان، وہاڑی، جہلم، رحیم یار خان، لیہ، 5جون کو حافظ آباد، بھکر، جھنگ، بہاولپور، چشتیاں، خانپور، 7 جون کو میانوالی، پاکپتن، ڈی جی خان، 12 جون کو راجن پور، دیپالپور اور 14 جون کو اسلام آباد، ایبٹ آباد، پشاور، سکھر، حیدرآباد، کراچی، کوئٹہ، نوابشاہ اور ملک کے دیگر شہروں میں تاریخی احتجاجی مظاہرے کیے جائینگے۔ 14 جون کو ڈاکٹر طاہرالقادری 17 جون کے حوالے سے اہم اعلان کرینگے۔ پنجاب حکومت کے مظالم قائد انقلاب اوران کے کارکنان کو خائف نہیں کر سکتے۔ انصاف اور انقلاب کی منزل کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top