سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو ایک ایک کرکے نوازا جارہا ہے: خرم نواز گنڈا پور
سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزم کو وزارت کا عہدہ واپس ملنا کوئی اچھنبے کی بات نہیں
رانا ثناء اللہ سے ایک لمحے کے لیے بھی مراعات واپس نہیں لی گئی تھیں
لاہور(28 مئی 2015)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ملزمان کو ایک ایک کرکے نوازا جارہا ہے۔ اس سے قبل ڈاکٹر توقیر شاہ کو WTOمیں پاکستان کا سفیر بنایا گیا، ایس پی سلمان علی کوملک سے بھگایاگیا۔ رانا ثناء اللہ جن سے وزارت کا قلمدان عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے واپس لیا گیا تھا آج انہیں واپس مل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تو JIT کی رپورٹ کورٹ میں پیش بھی نہیں ہوئی اور رانا ثناء اللہ کو دوبارہ وزیر قانوں بنایا جارہا ہے جوکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مرکزی ملزم ہے۔خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ حکومت نے یہ خود ساختہ JIT قاتلوں کو ریلیف دینے کے لیے بنائی تھی۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی ملزمان کو نوازنے سے یہ بات عیاں ہورہی ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ایک منصوبے کے تحت ہواتھا اسی لیے قاتلوں کو حکومت تحفظ فراہم کررہی ہے مگر شہداء ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور انصاف اپنا راستہ خود تلاش کرے گا۔
تبصرہ