منہاج القرآن کے زیراہتمام سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی رحمۃ اللہ علیہ کے 24 ویں یوم وصال پر دعائیہ تقریب

مورخہ: 06 جون 2015ء

صوفیاء امن کے سفیر، تعلیمات صوفیاء سے انفراد ی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے‎
اولیا اللہ کی آج بھی لوگوں کے دلوں پر حکمرانی ہے، تعلیمات صوفیا میں عکس سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کچھ نہیں
عصر حاضر میں نسبت اولیاء کے بغیر ایمان بچانا نا ممکن ہے۔ اولیاء کرام کی محبت بارگاہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچنے کا زینہ ہے‎
موجودہ پر فتن حالات میں تعلیمات سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے دئیے جلانے کی اشد ضرور ت ہے‎
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، ڈاکٹر رحیق عباسی، شہزاد رسول، عابد بشیر قادری، صاحبزادہ افتخار الحسن، پیر ممتاز حسین کا خطاب

لاہور (06 جون 2015) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ صوفیاء کرام رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات کو ہم نے نظر انداز کر رکھا ہے اسی لئے ہدایت کے راستوں سے بھٹکے ہوئے ہیں۔ تعلیمات صوفیاء ہی ہمیں گمراہی سے بچا سکتی ہیں۔ عصر حاضر میں نسبت اولیاء کے بغیر ایمان بچانا نا ممکن ہے۔ اولیاء کرام کی محبت بارگاہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تک پہنچنے کا زینہ ہے۔ حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ اور دیگر صوفیاء کرام کی تعلیمات ہی تو ہیں جنہوں نے ہر دور میں مسلمانوں کی مدد اور رہنمائی کی ہے۔ صوفیاء امن کے سفیر ہیں اسی لئے تو اولیا اللہ کی آج بھی لوگوں کے دلوں پر حکمرانی ہے۔ آج دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف گھناؤنی سازشیں ہو رہی ہیں۔ ایسے پر فتن حالات میں تعلیمات حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے دئیے جلانے کی اشد ضرور ت ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں تحریک منہاج القرآن کے روحانی سر پرست اور سلسلہ تصوف کی معروف روحانی شخصیت حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے 24 ویں یوم وصال کے موقع پر منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وجد انگیز محفل میں عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی، بزم قادریہ کے چیف آرگنائزر شہزاد رسول، صاحبزادہ افتخار الحسن، حافظ عابد بشیر، پیر سید ممتاز حسین بخاری، حاجی محمد امین القادری، احمد نعمان شیخ، شیخ راحت حبیب، شیخ وسیم الدین، حافظ محمد عامر اور ملک کے معروف قراء و نعت خوان موجود تھے۔

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک اور حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کے فیوض و بر کات کے سائے تلے پروان چڑھنے والی تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں منظم انداز میں روحانیت کو پھیلا رہی ہے۔ لاکھوں مسلمانوں کے قلوب کی صفائی کا فریضہ انجام دے رہی ہے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ آج ہم نے تعلیمات صوفیاء کو نظر انداز کر دیا ہے اور پھر سے قتل و غارت گری، ناانصافی، جبر و استحصال والے نظام کو پروموٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہم پھر بد تہذیبی کے دور میں چلے گئے ہیں۔ امت مسلمہ اگر پھر سے رفعت و عروج چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ سے عہد وفا کرنا ہو گا اور اولیاء کرام کی پاکیزہ زندگیوں کی پیروی کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیاء کرام کی بدولت اسلام کا پیغام امن و سلامتی اور محبت عام ہوا۔ تنگ نظری، انتہا پسندی، عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے منفی رویوں کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی مذموم سازشوں اور اس حوالے سے پھیلائی جانیوالی پراگندگی کے خلاف تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، اسلام کے حقیقی روشن چہرے کو دنیا کے سامنے واضح کر رہی ہے۔

شہزاد رسول قادری نے اپنی گفتگو میں کہاکہ حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات میں دشمنوں کیلئے بھی دعائیں ہیں۔ اولیاء اللہ کسی کو دکھ نہیں دیتے بلکہ سکھ ہی دیتے ہیں۔ تعلیمات صوفیا میں عکس سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سوا کچھ نہیں ہے۔ حضرت سیدنا طاہر علاؤالدین الگیلانی القادری رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات سے انفراد ی اور اجتماعی امن و سلامتی کا آفتاب طلوع ہو سکتا ہے۔ تعلیمات صوفیا ہی دین کی اصل ہیں۔

حافظ عابد بشیر قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی ناکامی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اسلام کے حقائق جاننے کیلئے تعلیمات صوفیاء سے اپنے کانوں کو بہرہ کر رکھا ہے اور روایتی مسائل میں الجھ کر دین کی اصل روح کو فراموش کر رہے ہیں۔ تعلیمات صوفیا معاشرے سے غربت، افلاس، بد امنی، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پیر سید ممتاز حسین بخاری نے ملکی سلامتی اور خوشحالی کیلئے دعا کروائی۔‎

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top