عوامی تحریک یوتھ ونگ کا پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا، قاتل حکومت نامنظور کے نعرے‎

مورخہ: 15 جون 2015ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم اور بے انصافی کے خلاف کارکنوں میں شدید اشتعال ہے، ڈاکٹر رحیق عباسی، شیخ زاہد فیاض کا خطاب
یوتھ ونگ اور ایم ایس ایم کے نوجوان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف 3یوم تک دھرنا دیں گے، مظہر علوی، عرفان یوسف‎

پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی کے سامنے جے آئی ٹی کی رپورٹ کے خلاف دھرنا دیا گیا، دھرنا سے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی اور ناظم اعلیٰ تنظیمات شیخ زاہد فیاض نے خطاب کیا، یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی لاہور کے صدر حاجی فرخ، عصمت محمود، منصور قاسم اعوان، حافظ وقار اور سینکڑوں یوتھ ونگ کے کارکنوں نے دھرنے میں شرکت کی۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے ہونیوالی دہشت گردی اور بے انصافی پر ہمارے کارکنان اور عوامی حلقے شدید اشتعال میں ہیں، حکمرانوں کی یہ بھول ہے کہ وہ شہداء کے خون پر طاقت کے بل بوتے پر مٹی ڈال لیں گے، انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ملک نے اس طرح کی لاقانونیت اور بربریت کی کوئی گنجائش نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ بے انصافی اور ظلم انتہائی رویوں کو جنم دیتا ہے، ایک سال سے پر امن رہتے ہوئے ہم انصاف مانگ رہے ہیں اور ایک سال سے حکمران انصاف کا خون کر رہے ہیں۔ شیخ زاہد فیاض نے یوتھ ونگ کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور ڈاکٹر طاہرالقادری کے پر امن کارکنان حکمرانوں سے پوچھ رہے ہیں کہ آخر انکا قصور کیا تھااور حکمرانوں کے دامن پر شہدا کے خون کے دھبے نہیں ہیں تو پھر وہ غیر جانبدار جے آئی ٹی کی تشکیل سے خوفزدہ کیوں ہیں؟ اس موقع پر یوتھ ونگ کے رہنماؤں نے قاتل حکومت نامنظور، ظالم حکومت نا منظور کے نعرے لگائے۔ مال روڈ پر احتجاج کرنے والی تنظیموں جن میں اساتذہ بھی شامل تھے نے یوتھ ونگ کے رہنماؤں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف احتجاج میں حصہ لیا۔ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی اور ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف نے اعلان کیا کہ یوتھ ونگ کے نوجوان سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف 3یوم تک دھرنا دیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top