سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید محمد عمر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس
تعزیتی ریفرنس کوٹ لکھپت میں عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام منعقد ہوا
ڈاکٹر رحیق عباسی، رفیق نجم، ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید و دیگر رہنماؤں کا خطاب
لاہور (20 جون 2015) سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہید محمد عمر کی یاد میں گزشتہ روز عوامی تحریک لاہور کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے کی، جبکہ رفیق نجم، محمد ارشاد طاہر، حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، سلطان محمود چودھری، حاجی اسحق نے خطاب کیا۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کو کسی صورت بھلایا نہیں جا سکتا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کو ایک سال گزر گیا لیکن انصاف کے حصول کیلئے ہمارے عزم اور جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے کارکنوں کے حوصلے اور استقامت میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل حکمرانوں کی بھول ہے کہ وہ شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خون کو دبا لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک شہدا کے انصاف کیلئے خون لیگ کے خلاف ایک سال سے سڑکوں پر جدوجہد کر رہی ہے۔ پر امن احتجاج کے ذریعے ہی حکمرانوں کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے انصاف کیلئے مجبور کر دیں گے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ اور وزیر قانون کو کلین چٹ دینے والی جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکمران انصاف دینے میں اتنے ہی مخلص ہیں تو جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کر دیتے ؟۔ انہوں نے اس موقع پر شہداء کے ورثاء کو زبر دست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کی جنگ میں شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی قربانیاں انشا اللہ انقلاب کی بنیاد ثابت ہوں گی۔ شہدا کے ورثاء کو زبردست خڑاج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت دولت سے ہمارے شہدا کے ورثاء کا ایمان خریدنے میں ناکام ہو گئی۔ حکومت کے کروڑوں کی آفر کو ٹھکرا کر ورثاء شہدائے سانحہ ماڈل ٹاؤن نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔
تبصرہ