غیر مسلم حکومتیں بھی روزہ داروں کا خیال رکھتی ہیں شریف حکومت ہر حد پار کرگئی، بشارت جسپال
پنجاب حکومت نے کھلی مارکیٹ منافع خور مافیا کو ٹھیکہ پر دیدی:
عوامی تحریک
پنجاب کے عوام کا پالا7سال سے شعبدہ باز حکومت سے پڑا ہوا ہے:بشارت جسپال
رمضان میں دودھ، دہی 5، آم 40، چینی 9 اور کھجوریں 30 روپے کلو مہنگی ہو گئیں: مشتاق
نوناری
لاہور (22 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ انتظامی مشینری رمضان بازاروں تک محدود جبکہ پنجاب حکومت نے کھلی مارکیٹ منافع خور مافیا کو ٹھیکے پر دے رکھی ہے، غیر مسلم حکومتیں بھی روزہ داروں کا خیال رکھتی ہیں شریف حکومت ہر حد پار کر گئی۔ پنجاب کے عوام کا یہ المیہ ہے کہ 7سال سے اسکا پالا ایک شعبدہ باز حکومت سے پڑا ہوا ہے۔ کھلے بازراوں میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ رمضان بازاروں تک صرف 2فیصد صارفین کی رسائی ہے۔ 98فیصد کھلی مارکیٹوں میں منافع خور مافیا کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔ وزراء اور وزیراعلیٰ پنجاب سستی شہرت کیلئے رمضان بازاروں کے دورے اور ہیلی کاپٹر کی سیریں کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں کیا، اجلاس میں جنرل سیکرٹری پنجاب مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد، راجہ ندیم، حافظ غلام فرید و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مشتاق نوناری ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 50فیصد غریب آبادی کو بلاتفریق ریلیف دینے کے منصوبے بنانے کی بجائے اپنی سیاست چمکانے کے منصوبوں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں کمی کرنے کے جتنے بھی اعلانات کیے گئے تھے وہ سارے کے سارے فیل ہو چکے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک شروع ہونے سے پہلے اور اب اشیائے خورونوش کی قیمتیں 30فیصد تک بڑھ چکی ہیں۔ آم مئی میں 80روپے کلو تھا اب 120 روپے کلو فروخت ہورہا ہے۔ کھجور 120روپے کلو تھی اب 150روپے کلو، آئل 170 تھا اب 173روپے کلو، چینی 55روپے کلو تھی آج 64روپے کلو بک رہی ہے، اسی طرح کیلا 80روپے درجن تھا اب 140روپے کلو بک رہا ہے۔ دودھ، دہی، سبزیاں 5سے 10روپے کلو تک مہنگی ہو چکی ہیں۔
تبصرہ