حکمران قوم کو جواب دیں 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہیں ہوئی؟ ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 25 جون 2015ء

کارکنوں کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی ہدایت
ڈاکٹر رحیق عباسی کا حامد رضا، چودھری سرور، منظور وٹو، ناصر شیرازی سے رابطہ، آج مشترکہ احتجاج کا فیصلہ
حکومت واپڈا کے کرپٹ افسران کے اعداد و شمار کے پیچھے چھپنے کی بجائے نااہلی قبول کرے:سی ڈبلیو سی

Rulers should tell nation why load-shedding did not end in six months. Dr Tahir-ul-Qadri

لاہور (25 جون 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جسمیں ایک ہزار سے زائد لوگ لوڈشیڈنگ کے باعث جاں بحق ہو گئے اور کوئی ذمہ داری قبول کرنے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمران قوم کو جواب دیں کہ 6 ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کیوں نہیں ہوئی؟ اور صنعتی مزدوروں، روزہ داروں کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کارکنوں کو ظالمانہ لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی ہدایت کی۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ سے سینکڑوں اموات پر دنیا میں تشویش ہے، ملک بھر میں روزہ دار الگ اذیت میں مبتلا ہیں اور حکمران قوم کو اعداد و شمار کے گورکھ دھندے میں الجھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک لوڈشیڈنگ کے نام سے بھی واقف نہیں اور ان ممالک کے لوگ حیرت سے پوچھ رہے ہیں کہ کیا پاکستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں جو عوام چنیونٹیوں کی طرح مررہے ہیں اور کوئی انکی مدد کرنے والا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ یہ اموات قدرتی آفات کے نتیجہ میں نہیں ہوئیں بلکہ ملکی تاریخ کا یہ پہلا موقع ہے کہ لوڈشیڈنگ اور بیڈگورننس کی وجہ سے سینکڑوں لوگ موت کے منہ میں چلے گئے اور حکمران ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے میں مصروف ہیں۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق عباسی نے پی ٹی آئی کے رہنما چودھری سرور، پیپلز پارٹی کے رہنما میاں منظور وٹو، سنی اتحاد کونسل کے صدر حامد رضا، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما ناصر شیرازی اور پیر اختر رسول سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ رہنماؤں نے کل 26 جون کو لاہور پریس کلب کے باہر لوڈشیڈنگ کے خلاف مشترکہ احتجاج پر اتفاق کیا۔

ڈاکٹر رحیق عباسی نے سی ڈبلیو سی کے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت واپڈا کے کرپٹ افسران کے اعداد و شمار کے پیچھے چھپنے کی بجائے نا اہلی قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نندی پور، قائداعظم سولر پارک منصوبوں کی کارکردگی پر بھی اشتہارات دے جہاں پونے تین سو ارب خرچ ہوئے مگرلوڈشیڈنگ میں پونے تین منٹ بھی کمی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 80فیصد بجلی چوری کیے جانے کا اشتہار دے کر اور نشاندہی کر کے حکمرانوں نے اپنی نالائقی اور نااہلی کا اعتراف کیا ہے حکومت بتائے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنا کس کی ذمہ داری ہے؟

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top