اولمپیئن خواجہ جنید کی تحریک منہاج القرآن مرکزی سیکرٹریٹ آمد
رپورٹ : ایم ایس پاکستانی6 Dec, 2006
سابق اولمپئن اور قومی ہاکی ٹیم کے سٹار کھلاڑی خواجہ جنید گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن تشریف لائے ہاکی کوچ خالد سعید اور قومی جونئیر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی مجاہد افضل بھی انکے ساتھ تھے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے خواجہ جنید اور انکے ساتھیوں کا استقبال کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے اپنی ملاقات میں معزز مہمانوں کو تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر دعوتی تنظیمی نیٹ ورک اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی عالمی سطح پر خدمات کے حوالے سے تعارفی بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر اولمپئین خواجہ جنید نے بتایا کہ میں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے گزشتہ سال اعتکاف 2005ء میں پہلی بار ملاقات کی تھی اس پہلی ملاقات میں انہوں نے جو خلوص، شناسائی اور پیار دیا وہ آج بھی میرا اثاثہ ہے۔ انہوں نے بتایاکہ آج مسلم دنیا کو عالمی سطح پر اسلام کے حوالے سے مختلف مسائل اور بالخصوص عالمی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ان سے نپٹنے کیلئے امت کو شیخ الاسلام جیسی قیادت اور شخصیت کی اشد ضرورت ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی دعوتی، تنظیمی خدمات کے علاوہ اسلام عالمی امن اور مسلم امہ کیلئے کی جانیوالی کاوشیں یقینا اس صدی کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کے مشن اور اسلام کی احیاء کے فروغ کے لئے ہماری خدمات تحریک منہاج القرآن کے لیے وقف ہیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے قومی ہاکی ٹیم کی موجودہ کارکردگی پر بھی تبصرہ کیا۔ اس پر شیخ زاہد فیاض نے خواجہ جنید کے دور میں ہاکی کے حوالے سے قومی ٹیم کی شاندار فتوحات کی یادیں بھی تازہ کیں۔
اس ملاقات کے اختتام پر شیخ زاہد فیاض نے معزز مہمانوں کو شیخ الاسلام کا ترجمتہ القرآن عرفان القرآن کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس ملاقات کے بعد خواجہ جنید اور انکے ساتھیوں کو مرکزی سیکرٹریٹ کے مختلف شعبہ جات اور فورمز کا باقاعدہ وزٹ کروایا گیا۔ جس میں انہوں نے دلچسپی کا اظہار کیا، انہوں نے سیل سنٹر سے شیخ الاسلام کی تصانیف میں سے اپنی پسند کی کتب بھی لیں۔ معزز مہمانوں نے "گوشہ درود" میں حاضری بھی دی۔ جہاں انہوں نے کچھ دیر کیلئے مکمل خشوع خضوع کیساتھ درود و سلام پڑھا۔ آخر میں انہوں نے شیخ الاسلام سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اعتکاف میں ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ خواجہ جنید نے رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف بیٹھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یوں انکی تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر پہلی آمد اور دورہ کامیابی سے اختتام پزید ہوا۔
تبصرہ