جامع المنہاج ٹاؤن شپ میں بدھ سے شروع ہونے والے شہر اعتکاف کی تیاریاں مکمل

اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی، شمالی علاقہ جات اندرون سندھ اور بلوچستان سے قافلے پہنچنا شروع ہوگئے
ڈاکٹر طاہرالقادری روزانہ نماز تراویح کے بعد درس قرآن دیں گے
منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے

Registration opens for Itikaf 2015

لاہور (6 جولائی 2015) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ تنظیمات، شہر اعتکاف2015 کے سربراہ شیخ زاہد فیاض نے شہر اعتکاف میں انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامع المنہاج ٹاؤن شپ اور منہاج گرلز کالج میں بدھ سے شروع ہونے والے اعتکاف کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے ہزاروں خواتین و حضرات الگ الگ جگہوں پر اعتکاف بیٹھیں گے۔ حرمین شریفین کے بعد اسلامی دنیا کے سب سے بڑے اعتکاف میں شرکت کیلئے کوئٹہ، کراچی، شمالی علاقہ جات اندرون سندھ اور بلوچستان سے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ بیرونی دنیا سے بھی سینکڑوں معتکفین شرکت کر رہے ہیں۔

سیکرٹری اعتکاف کمیٹی جواد حامد نے کہا کہ شدید گرمی، حبس اور لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے شہر اعتکاف کیلئے ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اس موقع پرساجد محمود بھٹی، رفیق نجم، طیب ضیاء، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، ساجد اصغر، ڈاکٹر تنویر اعظم، عین الحق بغدادی اور دیگر مرکزی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

رہنماؤں نے بتایا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے سینکڑوں نوجوان سیکیورٹی کی ڈیوٹی دیں گے۔ خواتین اور مردوں کے شہر اعتکاف میں مختلف مقامات پر درجنوں سیکیورٹی کیمرے لگا دئیے گئے ہیں۔ شدید گرمی سے بچاؤ کیلئے جامع المنہاج کے صحن کے دونوں اطراف درجنوں پنکھے بھی لگا دئیے گئے ہیں۔ ہزاروں افراد کے وضو اور سحری و افطاری کیلئے پانی کا وسیع انتظام ہوگا۔ معتکفین کے وضو اور طہارت خانوں کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ ہزاروں معتکفین کیلئے 30 ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم شہر اعتکاف میں ہمہ وقت موجود ہوگی جبکہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز بھی شہر اعتکاف میں ہمہ وقت موجود ہوں گی۔

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سر پرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اس سال نماز تراویح کے بعد درس قرآن و تصوف دیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دروس اور خطابات سے استفادہ کیلئے جامع المنہاج اور منہاج گرلز کالج میں تین تین‎ LED سکرینز لگائی گئی ہیں تا کہ مرد و خواتین معتکفین کو خطابات دیکھنے اور سننے میں آسانی ہو۔ منہاج ٹی وی اور آئی ٹی بیورو کے ذریعے ڈاکٹر طاہرالقادری کے خطابات اور شہر اعتکاف میں ہونیوالی دیگر محافل اور سرگرمیوں کو پوری دنیا میں براہ راست دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس سے ساری دنیا میں بسنے والے مسلمان شہر اعتکاف میں ہونیوالے پروگرامز اور روحانی محافل سے مستفید ہو سکیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top