حق کی جدوجہد کرنے والے کبھی ہمت نہیں ہارتے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا شہر اعتکاف میں خطاب

  • مایوسی سے اللہ کی مدد و نصرت ختم ہو جاتی ہے۔
  • یہ ان شہیدوں کا اعتکاف ہے، جو حق کے لیے جان کا نذرانہ پیش کر گئے۔
  • کمزوروں، غریبوں اور محروم لوگوں نے ہی انبیاء کا ساتھ دیا۔
  • بزدلی شکست اور جوانمردی فتح و نصرت ہے۔ شیخ الاسلام کا ہزاروں معتکفین سے خطاب

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

(شہراعتکاف، 21 رمضان) شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جامع المنہاج شہر اعتکاف میں ہزاروں معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تین الفاظ ’’کیوں؟ کب؟ اور کیسے؟‘‘ کو دل و دماغ اور زندگی سے نکال دیں کیونکہ یہ تینوں الفاظ شک پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد آئین، قانون، قرآن و سنت کی تعلیمات کے تابع ہے۔ قرآن مجید نے ہمیں بتایا ہے کہ حق کی جدوجہد کرنے والے ہمت ہارتے ہیں اور نہ مشکلات پر افسردہ ہوتے ہیں۔ ہمت ہار جانے سے مایوسی جنم لیتی ہے، مایوسی کفر ہے، ایمان، یقین والے مایوس نہیں ہوتے، حق کے غلبہ اور ہر طرح کے ظلم اور استحصال کے خاتمہ کیلئے اپنی جدوجہد کو تیز کریں۔ تھوڑے لوگ حق پر ہوتے ہیں اور یہی تھوڑے بالآخر فتح یاب ہوتے ہیں۔  کیوں، کب اور کیسے ان سب سے تعلق ختم کر کے یقین کا دامن تھام لیا جائے تو فتح مقدر ہو جاتی ہے۔

شہداء کا اعتکاف

شیخ الاسلام نے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہداء کا اعتکاف ہے کیونکہ حق اور سچ کی جدوجہد میں آپ میں سے کوئی بھی موت کے ڈر سے بھاگا نہیں۔ حدیث مبارکہ کے مطابق کچھ شہداء ایسے بھی ہوں گے جو شہادت کی آرزو رکھتے ہوں گے لیکن ان کو بستر پر موت آئے گی اور وہ شہیدوں کے درجے میں شامل ہوں گے۔
ابتلاء اور آزمائش ایک بھٹی ہے جس سے انسان کندن بن کر نکلتا ہے۔ انسانی تاریخ گواہ ہے کہ انبیاء کی جدوجہد میں ان کے ساتھ معاشرے کے غریب، محروم اور کمزور طبقات کھڑے ہوئے۔ ان پر ایسے مصائب بھی آئے کہ وہ چلا اٹھے "متی نصر اللہ؟" اے اللہ کے نبی! اللہ کی مدد کب آئے گی؟

شہادت کس کے لیے؟

اللہ نے یہ فیصلہ کر دیا کہ شہادت کا مرتبہ اپنوں کو دینا ہے اور راہِ حق کے وفاداروں کو دینا ہے۔ شہادت یزید، نمرود اور فرعون کو نہیں ملی، یہ مرتبہ امام حسین کو اور راہِ حسین پر چلنے والوں کو ملتا ہے۔ شہادت وفاداری جانچنے کا ایک پیمانہ ہے۔ اگر آزمائشیں نہ ہوں تو پھر وفادار اور غدار کا پتہ کیسے چل سکتا ہے؟ آزمائشوں پر صبر بتاتا ہے کہ کون ثواب لینے والا ہے اور کون جان دینے والا ہے۔ بزدلی شکست اور جوانمردی فتح و کامرانی ہے۔

غزوہ حنین میں ایک رات حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز پڑھائی اور پوچھا کہ آج رات ہمارے قافلے کی سیکیورٹی کون کرے گا؟ اتنے میں ایک مسافر انس ابن مرصد الغنوی گھوڑے پر چلتا ہوا آیا اور کہا کہ آج رات میں آپ کے قافلے کی حفاظت کروں گا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اس پہاڑ پر چلے جاؤ اور ساری رات پہرہ دو۔ اس شخص نے ساری رات پہرہ دیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نماز فجر پڑھائی اور پوچھا کہ وہ مسافر کہاں ہے؟ تھوڑی دیر میں وہ پہاڑ سے نیچے اتر آیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: مبارک ہو، وہ سلامت ہے اور آ گیا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس سے پوچھا کہ تم رات کو پہاڑ سے اتر کر غفلت تو نہیں کی؟ اس نے کہا کہ نہیں کی۔ تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ مبارک ہو کہ جس نے جنتی دیکھنا ہو، اس کو دیکھ لو۔

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

منافقین کون؟

بظاہر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ساتھ دینے والوں میں ایک جماعت ایسی بھی تھی جو مشکل کے وقت اہلِ اسلام اور اہلِ حق کو چھوڑ کر بھاگ گئی۔ ان کا کام یہ تھا کہ افواہیں پھیلا کر مسلمانوں کو مایوس کر دیا جائے۔ یہ جماعت منافقین کی تھی۔ وہ کہتے تھے کہ کیا کوئی ہمارا بھی اختیار ہے یا ہر بات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہی ماننی ہے؟ یہ منافقین کی نشانیاں ہیں۔

گردش ایام

گردش ایام قرآن کا وعدہ ہے۔ جو آج حکمران ہیں وہ کبھی جیل میں بھی تھے، وہ کبھی کسی کے قدموں پر بھی گر کر دس سال کے لیے ملک چھوڑ گئے تھے۔ وقت سدا ایک جیسا نہیں رہتا۔ یہ دوبارہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے جاسکتے۔ ہم حق پر ہیں اس لیے بھاگ کر کہیں نہیں گئے۔ اللہ تعالیٰ دنوں کو اس لیے پھیرتا ہے تاکہ وہ لوگوں کو دکھا دے کہ اہلِ حق استقامت کے پہاڑ ہوا کرتے ہیں۔

کارکنان کو خراج تحسین

شیخ الاسلام نے میڈلز دینے کی تقریب میں کارکنان کو خصوصی مبارکباد اور خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون سے لے کر انقلاب مارچ تک کارکنان نے ثابت قدمی اور قربانیوں کی لازوال مثالیں قائم کرکے جدوجہدِ انقلاب کا حق ادا کر دیا۔ دنیا کی کوئی جماعت ایسے عظیم کارکنان پیدا کرنے کی مثال پیدا نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ جس کارکن کے اندر حیاء کا خون ہے وہ مرسکتا ہے، بک نہیں سکتا۔ میری تحریک میں غریب، مزدور، محروم اور کمزور ضرور ہیں لیکن بے غیرت کوئی نہیں ہے جو بک جائے۔ تنتیس سال سے تحریک میں ایک کارکن بھی ایسا نہیں جو کسی کے سامنے بک گیا ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں مرتے دم تک قربانیاں دینے والے کارکنان سے پیار کرتا رہوں گا۔ دنیا سن لے کہ آج بھی بڑے سے بڑے قارون کا سرمایا انقلاب کے راستہ کی رکاوٹ نہیں بن سکا۔ وقت کے بڑے بڑے یزید، قارون، فرعون اپنے جبر سے انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتے۔ ہمارا شہیدوں کے خون سے یہ وعدہ ہے کہ انقلاب کی جدوجہد جاری رہے گی۔ بالاخر دشمن ایک نہ ایک دن سرنگوں ہو کر تمہارے قدموں میں آئے گا۔

جھلکیاں

  1. شہر اعتکاف میں دوسرے روز نماز ظہر کے بعد معتکفین کے لیے تربیتی معمولات کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
  2. سہ پہر عصر کے وقت شہراعتکاف میں بارش ہوئی، جس سے جامع المنہاج کا موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زرو ٹوٹ گیا۔
  3. معتکفین نے نماز مغرب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی امامت میں ادا کی۔
  4. منہاج فری میڈیکل کیمپ میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کا رش رہا، جن کے چیک اپ اور میڈیسن کا بہتر انتظام کیا گیا۔
  5. واپڈا کی لوڈ شیڈنگ کے باوجود جنریٹرز کی مدد سے شہراعتکاف میں 24 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔
  6. نماز تروایح کے فوری بعد انقلاب مارچ میں سرگودھا ڈویژن کے اسیران و زخمی کارکنان کے اعزاز میں میڈلز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
  7. ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صاحبزادہ حماد مصطفی المدنی اور صاحبزادہ احمد مصطفی العربی نے کارکنان کو میڈلز ’’تمغہ بلال‘‘ دئیے، جبکہ شیخ الاسلام نے ان کارکنان سے مصافحہ کیا۔
  8. تقریب میں سترہ جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے لے کر اکیس اکتوبر کے دھرنے تک قربانیاں دینے والے تحریک منہاج القرآن کے عظیم کارکنان کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔
  9. ڈاکٹر طاہرالقادری نے رات کو اپنے خطاب سے پہلے انقلاب مارچ کی خصوصی کوریج پر الیکڑانک میڈیا کے نمائندوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
  10. ڈاکٹر طاہرالقادری نے میڈیا کو بتایا کہ انقلاب مارچ میں بارہ سو سے زائد لوگ زخمی ہوئے، جو ریاستی جبر و تشدد کا سامنا کرتے رہے۔
  11. شیخ الاسلام کا خطاب سوا دو بجے ختم ہوا۔

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City by Minhaj-ul-Quran International

Day Two of Itikaf City 2015by Minhaj-u-Quran International HD Photoshttps://www.flickr.com/photos/minhajulquran/sets/72157655654076141

Posted by Minhaj-ul-Quran International [Official] on Friday, July 10, 2015

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top