دھرنے کو جرنیلوں سے جوڑنا ن لیگ کا فوج کے خلاف نیا سازشی پلان ہے، خرم نواز گنڈا پور

خواجہ آصف واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف ہر وقت سازشیں کرتے ہیں، ردعمل
مودی سے قومی مفادکے برعکس ملاقات کے بعد شریف حکومت عوام کی نظروں سے گرچکی ہے‎

لاہور (13 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر اپنے شدید ردعمل میں کہا ہے کہ شریف حکومت کرپشن، بیڈگورننس کی وجہ سے جب بھی دباؤ میں آتی ہے تو افواج پاکستان کے جرنیلوں کو ٹارگٹ کرتی ہے، دھرنے کو جرنیلوں سے جوڑنا ن لیگ کا فوج کے خلاف نیا سازشی پلان ہے۔ ہم اس من گھڑت اور لغو الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔ دھرنا ن لیگ کی لاقانونیت اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بہائے جانے والے خون کے حساب اور انصاف کیلئے تھا اس حوالے سے افواج پاکستان کے سابق جرنیلوں کو مورد الزام ٹھہرانا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف دنیا کے واحد وزیر دفاع ہیں جو اپنی ہی فوج کے خلاف ہر وقت سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا اگر ن لیگ یہ سمجھتی ہے کہ دھرنا سابق جرنیلوں کے ایماء پر ہوا جو حکومت کے خلاف سازش تھی تو پھر وزیر دفاع اور جس وزیراعظم کے ایماء پر انہوں نے یہ سازشی تھیوری دی ہے، بتائیں پھر کارروائی کیوں نہیں کی؟ ایک جرنیل تو دھرنا ختم ہونے کے بعد بھی سروس میں رہا اور اپنی مقررہ مدت پر ریٹائر ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ سابق جرنیل پر دھرنے کا الزام بالواسطہ طور پر آرمی چیف پر الزام لگایا گیا، جب بھی ن لیگ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف کسی پراکسی جنگ کا آغاز کرتی ہے تو وزیر دفاع خواجہ آصف سے اس طرز کے بیانات دلوائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دراصل ن لیگ اپنے مادرپدر غیر جمہوری اقتدار کے راستے کی فوج کو رکاوٹ سمجھتی ہے۔ دہشتگردی کے ساتھ ساتھ کرپشن اور کرپٹ مگر مچھوں کے خلاف ممکنہ آپریشن سے خوفزدہ ن لیگ کے علی بابا اور کابینہ میں بیٹھے چالیس چوروں کو ٹھنڈے پسینے آرہے ہیں اور وہ ایک بار پھر سازشوں پر اتر آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شریف حکومت قومی ایکشن پلان کو سبوتاژ کرنے، کرپشن اور بیڈگورننس میں اضافہ، ملکی معیشت کو غیر ملکی قرضوں کے جال میں جکڑنے، الیکشن میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے وعدوں میں ناکامی اور حال ہی میں نریندر مودی سے قومی غیرت و حمیت کے برعکس ملاقات کرنے کی وجہ سے عوام کی نظروں میں گرچکی ہے اور اپنی اس گری ہوئی ساکھ کو سنبھالا دینے کیلئے وہ ایک بار پھرقومی سلامتی کے اداروں کے خلاف الزام تراشی کرکے اپنے جرائم کی پردہ پوشی چاہتی ہے مگر پاکستان کے عوام اب جاگ رہے ہیں۔ وہ کرپٹ حکمرانوں کی کسی سازش کو اب کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top