ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں: عوامی تحریک
معاہدے سے مشرق وسطیٰ ہی نہیں جنوبی ایشیاء میں بھی امن کی فضاء
بہتر ہو گی: خرم نواز گنڈاپور
نجی ٹی وی چینل کی طرف سے تمام مسالک کے افراد پر مشتمل نماز ظہر کی ادائیگی پر خراج
تحسین
لاہور (15 جولائی 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدہ کا خیر مقدم کرتی ہے، معاہدہ سے مشرق وسطیٰ ہی نہیں پورے جنوبی ایشیاء میں امن کی فضاء بہتر ہو گی جس کے ثمرات سے خطہ کے کروڑوں عوام مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب مذاکرات اور معاہدہ پر ایرانی قیادت کی بصیرت اور معاملہ فہمی قابل داد ہے بلاشبہ ایرانی قیادت نے ایران کی وسیع تر مفاد میں بہترین فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد پاک ایران گیس پائپ لائن کا معاہدہ بھی بلاتاخیر مکمل ہو گا اور اس حوالے سے ایران نے اپنا کام پہلے ہی مکمل کر لیا ہے اس معاہدے کے بعد یقیناً حکومت پاکستان کے سر پر جو تلوار لٹک رہی تھی وہ ہٹ گئی ہے۔ وہ گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی میں تمام مسالک اور سیاسی جماعتوں کے ہمراہ نماز ظہر ادا کرنے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ٹی وی چینل کی طرف سے تمام مسالک اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو ایک مسجد اور ایک امام کے پیچھے کھڑا کرنے کا عمل اسلام اور پاکستان کی عظیم خدمت ہے یہ کام حکومت کو کرنا چاہیے تھا جو اقتدار اور سیاست کی مصلحت کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام کعبہ جب پاکستان آئے تھے تو حکومت نے سیاسی مصلحتوں کے تحت انہیں ایک مخصوص مکتب فکر تک محدود رکھا جس سے دل آزاری ہوئی۔ حرم میں پوری دنیا کے مسلمان امام کعبہ کے پیچھے نماز ادا کرتے ہیں تو ہماری امام کعبہ سے استدعا ہے کہ وہ آئندہ جب کبھی پاکستان آئیں تو ایک مسلک کی حد تک محدود رہنے کی بجائے تمام مسالک کے علماء سے ملاقاتیں کریں اور عالم کفر کو اتحاد اور یکجہتی کا پیغام دیں۔
تبصرہ