بااختیار بلدیاتی اداروں کیلئے تحریک کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کرینگے: ڈاکٹر طاہرالقادری

بلدیاتی ادارے ’’ترمیمی دہشتگردی‘‘ کی زد پر ہیں، حکمرانوں کو عوام کے اختیارات واپس کرنا پڑینگے
اسمبلیاں غیر موثر کرنے کے بعد حکمران بلدیاتی اداروں پر قبضہ کرنے کے منصوبے بنارہے ہیں
دیہات میں لوڈشیڈنگ نہیں بجلی کا بریک ڈاؤن ہے، حکمران اپنے خلاف خود سب سے بڑی سازش ہیں، گفتگو

لاہور (20 جولائی2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ آئین کے مطابق بااختیار بلدیاتی اداروں کی تشکیل کیلئے تحریک چلانے کی ضرورت پڑی تو گریز نہیں کرینگے۔ بلدیاتی ادارے حکومت کی ’’ترمیمی دہشتگردی‘‘ کی زد پر ہیں۔ بے اختیار بلدیاتی ادارے عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکیں گے۔ سربراہ عوامی تحریک نے بلدیاتی الیکشن کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی الیکشن کے جملہ امور کی نگرانی کے ساتھ ساتھ بلدیاتی منشور بھی مرتب کریگی۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سابق ناظمین، نائب ناظمین، کونسلرز اور جمہوریت پسند پڑھے لکھے نوجوانوں کو حکمرانوں کے پنجے سے بلدیاتی اداروں کے اختیارات اور وسائل واگزار کروانے کیلئے اپنا قومی جمہوری کردار ادا کرنا ہوگا۔ حکمران ’’ممی اور ڈمی‘‘ قسم کے بلدیاتی ادارے تشکیل دینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، ایسے ادارے جو وزراء کے ضلعی دوروں کے موقع پر استقبالی کیمپ لگانے اور خیر مقدمی بینرلگانے کے اختیارات تک محدود ہوں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر خاندانی راج قائم کررکھا ہے۔ اسمبلیاں غیر موثر بنانے کے بعد اب یہ عوام کے بلدیاتی اداروں کو بھی اپنی راجدھانی میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں مگر ان کی منصوبہ بندیاں دھری کی دھری رہ جائینگی۔ عوام اس بار اپنے حقوق پر جمہوری ڈاکہ برداشت نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ 7 سال سے بلدیاتی اداروں کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے۔ بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی اور ان کے قانونی استعمال کا کوئی حساب کتاب نہیں نہ ہی 7 سال میں ان بلدیاتی فنڈز کا کوئی آڈٹ ہوا، اگر بلدیاتی اداروں کو ملنے والے فنڈز کا آڈٹ ہو جائے تو ایشیاء کی سب سے بڑی سرکاری کرپشن اور بدعنوانی سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل پاکستان بلدیاتی اداروں کو ملنے والے فنڈز کی آڈٹ رپورٹ قوم کے سامنے پیش کریں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک یونین کونسل کی سطح پر پڑھی لکھی ایماندار قیادت دیکر حکمرانوں سے بلدیاتی لوٹ مار کا حساب لے گی اور عوامی مشکلات کا ازالہ کرے گی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ عید کے ایام میں 70 فیصد دیہات میں لوڈشیڈنگ اور بجلی کا بریک ڈاؤن رہا۔ حکمرانوں نے رمضان المبارک کے مقدس ایام میں بھی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے جھوٹے وعدے کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف کوئی سازش نہیں کررہا اپنے خلاف یہ خود ہی سب سے بڑی سازش ہیں۔ عوام حکومت کی بری اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے شدید غصہ میں ہیں جس کا خمیازہ بھگتنے کیلئے حکمران تیار رہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top