قرآن و سنت کی غلط تشریح کرنے والے دشمنان اسلام کے ایجنٹ ہیں۔ علامہ فرحت حسین شاہ

مورخہ: 02 اگست 2015ء

ڈاکٹر طاہرالقادری نے فروغ امن کیلئے نصاب دے کر مبلغ انسانیت کا کردار ادا کیا ہے
علمائے کرام، معلمین اور اساتذہ اسلام کی پرامن تعلیمات کو عام کریں
اختلافی موضوعات کی بجائے علماء لوگوں کا تعلق قرآن حکیم اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جوڑنے پر زور دیں
جنوبی پنجاب سے آئے علماء کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

لاہور (02اگست 2015) ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ سید فرحت حسین شاہ نے کہا ہے کہ دین اسلام خیر خواہی اور امن کا دین ہے جو افراد دین اسلام کی اشاعت اور فروغ کیلئے جدوجہد کرتے ہیں وہ حقیقت میں انسانیت کی فلاح و بہبود کا کام کر رہے ہیں، علمائے کرام، معلمین اور اساتذہ اسلام کی تعلیم کو عام کرنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ معلمین کو اسلام کے بنیادی تصورات مسخ کرنے والوں کا محاسبہ تعلیم اور دلائل سے کرنا چاہیے۔ قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے انسداد دہشت گردی اور فروغ امن کیلئے نصاب دے کر مبلغ انسانیت کا کردار ادا کیا ہے۔ نصاب میں ڈاکٹر طاہرالقادری نے اسلام کی حقیقی تعلیمات سے انسانیت کو روشناس کروایا ہے۔ نصاب کی اشاعت ساری انسانیت کیلئے راہبر اور رہنماء ہے۔ وہ گذشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے دیگر علاقوں سے آئے علماء کے وفود سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر علامہ امداد اللہ قادری، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ میر آصف اکبر، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ قمر عباس بغدادی، علامہ عثمان سیالوی و دیگر بھی موجود تھے۔

علامہ فرحت حسین شاہ نے کہا کہ منہاج القرآن علما کونسل ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں ایسے سکالرز کی ٹیم تیار کر رہی ہے جو اسلام کے درست تصورات کو پھیلانے میں کردار ادا کرے۔ قرآن مسلمانوں کی فکری رہنمائی اور سنت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے، قرآن و سنت کی غلط تشریح کرنے والے دشمنان اسلام کے ایجنٹ ہیں، قرآن حکیم ایک زندہ کتاب ہے جسکی حکمت کبھی نہ ختم ہونیوالی ہے۔ قرآن حکیم تخلیق کائنات کے اسرار ظاہر کرنے والا نسخہ ہے۔ اسکی قوت سے ناپائیدار بھی پائیدار ہو جاتے ہیں۔

علامہ فرحت شاہ نے کہا کہ تعلیم کو عام اور سستا کرنے سے ہی معاشرہ سنور سکتا ہے۔ منہاج القرآن علماء کونسل اسلامی تعلیم کو عام کرنے میں جو کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ موجودہ دور میں بہت بڑا جہاد ہے۔ معلمین تعلیم اور کردار کی بہتری پر توجہ دیں تو معاشرے پر اچھے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ علماء کرام اختلافی موضوعات پر بحث کرنے کی بجائے لوگوں کا تعلق قرآن حکیم اور سنت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے جوڑنے پر زور دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top