حقیقی آزادی کیلئے ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ ناگزیر ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 14 اگست 2015ء

عوامی تحریک کی طرف سے یوم آزادی اور انقلاب مارچ کی پہلی سالگرہ پر کیک کاٹے گئے
انقلاب مارچ کی سالگرہ کا کیک شہیدہ تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ نے کاٹا، خواتین بچوں کی بڑی تعداد کی شرکت
پرچم کشائی کی تقریب میں میجر (ر) محمد سعید، جی ایم ملک، بریگیڈئر (ر) ریاض طور، احمد ظفر، ساجد بھٹی، تنویر سندھو و دیگر کی شرکت

لاہور (14 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی اور انقلاب مارچ کی پہلی سالگرہ پر کیک کاٹے گئے، ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔ پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں بڑی تعداد میں عہدیداروں، کارکنوں، بچوں اور خواتین نے شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے ٹیلی فونک خطاب میں کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ ناگزیر ہے، آج سے ایک سال قبل حکومتی مظالم کا شکار عوام نے کرپشن میں لتھڑے ہوئے نظام سے جان چھڑانے کیلئے انقلاب مارچ کیا اور دھرنا دیا، ہماری جدوجہد جاری ہے آئندہ بھی آئین کی بالادستی اور عوام کو با اختیار بنانے کیلئے کسی جانی و مالی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، ہمارے کارکنوں نے ظلم و استحصال سے پاک پاکستان کیلئے شہادتیں قبول کر کے تحریک پاکستان کی یادوں کو تازہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ جہالت، غربت، دہشت گردی اور کرپشن کے خلاف جہاد جاری رہے گا، ہر غریب اور با صلاحیت پاکستانی کو اسکی تقدیر کا مالک بنائیں گے اور وہ دن زیادہ دور نہیں ہے۔

انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں جانوں کے نذرانے دینے والے افواج پاکستان کے افسران اورجوانوں کو بھی یوم آزادی کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا، پرچم کشائی کی تقریب کے بعد کانفرنس ہال میں ’’یوم آزادی اور انقلاب مارچ کی پہلی سالگرہ‘‘ کے عنوان سے سیمینار ہوا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے دل میں پاکستان اور اسکے غریب عوام کا درد ہے، پاکستان کا کوئی لیڈر اس طرح سڑک پر نہیں نکلا جس طرح ڈاکٹر طاہرالقادری نکلا، جی ایم ملک نے کہا کہ انقلاب آ کر رہے گا اور ماڈل ٹاؤن کے قاتل حکمران اپنے انجام کو پہنچیں گے۔

تقریب سے بریگیڈئر (ر) محمد احمد ظفر، بریگیڈر (ر) ریاض احمد طور، کرنل (ر) ندیم شوکت، ساجد بھٹی، کرنل (ر) مشرف نواب، میجر (ر) زبیرلطیف باجوہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایم نور اللہ، حاجی محمد اشرف، راجہ ندیم، مسز راحیلہ سعید، مسز مشرف نواب نے سیمینار سے خطاب کیا، تلاوت قرآن پاک کی سعادت تنویر اعظم سندھو جبکہ نعت شریف راجہ ندیم نے پڑھی۔ تقریب کے اختتام پر شہیدہ ماڈل ٹاؤن تنزیلہ امجد کی بیٹی بسمہ نے انقلاب مارچ کی پہلی سالگرہ کا کیک کاٹا اور اپنے خطاب میں کہاکہ قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری مصطفوی انقلاب کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اس کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top