17 ہزار اساتذہ سکولوں سے غائب اور پنجاب حکومت لاعلم ہے: عوامی تحریک یوتھ ونگ

مورخہ: 19 اگست 2015ء

رپورٹ ہوشربا، حکومت کے تعلیم دوستی کے دعوے بیانات کی حد تک ہیں:مرکزی صدر مظہر علوی
وسائل محدود ہوں تو ان کا دیانتداری سے استعمال ہی اصل گڈگورننس ہے، اجلاس سے خطاب

لاہور(19 اگست 2015)پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر علوی نے پنجاب کے سرکاری سکولوں میں 17 ہزار اساتذہ کے غائب ہونے کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 17 ہزار اساتذہ غائب ہیں اور شہباز حکومت لاعلم ہے۔ اس رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور محکمہ تعلیم کے افسران تعلیم کی ترقی کے نام پر زبانی جمع خرچ سے کام لے رہے ہیں۔ اساتذہ کا سکولوں سے غائب ہونا دہشتگردی جیسا عمل ہے۔ اس ہوشربا رپورٹ کی مکمل تحقیق ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ جب اساتذہ ہر ماہ سرکاری خزانے سے تنخواہیں لے رہے ہوں تو پھر وہ اس قوم کے بچوں کو تعلیم کیوں نہیں دے رہے، یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو اس پر صوبہ کے عوام کے سامنے وضاحت پیش کرنا ہو گی۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوتھ ونگ کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے پروگرام کی قیمت پر بڑی بڑی سڑکیں اور میٹرو بسیں بنانا خط غربت سے نیچے رہنے والی 50فیصد سے زائد آبادی کے ساتھ زیادتی ہے۔ بڑے بڑے فینسی منصوبے اس وقت اچھے لگتے ہیں جب لوگوں کو صاف پانی، انصاف، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں میسر ہوں۔ وسائل محدود ہوں تو ان کا دیانتداری سے استعمال ہی اصل گڈگورننس اور عوامی و قومی خدمت ہے۔ مرکزی صدر نے ہفتہ یوم آزادی منانے اور شاندار تقریبات کے انعقاد اور جیوے پاکستان موٹر بائیک ریلیاں نکالنے پر ضلعی صدور اور تنظیموں کو مبارکباد پیش کی۔ مظہرعلوی نے کہا کہ عوامی تحریک یوتھ ونگ قائد تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے ویژن کے مطابق تعلیم اور امن کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ اجلاس میں فروغ امن نصاب دینے پر قائد انقلاب ڈاکٹر طاہرالقادری کو مبارکباد پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top