24 اگست کو خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں عوامی تحریک کا وفد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا

مورخہ: 20 اگست 2015ء

عوامی تحریک مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانے کے حکومتی اعلان کو مسترد کرتی ہے: خرم نواز گنڈاپور
مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانے کی سوچ انتہائی مضحکہ خیز اور حکومتی دھاندلی پلان کا حصہ ہے
کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں، عوامی تحریک نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گی
اقلیتوں، خواتین، لیبراور یوتھ سے انتخابات کا حق چھیننا آرٹیکل 140-A کی خلاف ورزی ہے، عدالت سے رجوع کر رکھا ہے
مرحلہ وار الیکشن کو بھی عدالت میں چیلنج کرنے پر غورکر رہے ہیں، سنٹرل کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

لاہور (20 اگست 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوامی تحریک مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کو مسترد کرتی ہے۔ مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانے کی سوچ انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ اس طرح الیکشن کروانے کا اعلان حکومتی دھاندلی پلان کا حصہ ہے۔ قومی اور صوبائی الیکشن ایک دن میں ہو سکتے ہیں تو بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں؟حکمران جماعت جیت کا ٹرینڈ سیٹ کرنے کیلئے مرحلہ وار الیکشن چاہتی ہے۔ ن لیگ جان بوجھ کر ایسا ہتھکنڈے اختیار کررہی ہے جس سے بلدیاتی الیکشن کسی بھی صورت مقررہ وقت پر نہ ہو سکیں۔ حکومت اس سے پہلے ایک آرڈیننس کے ذریعے اقلیتوں، خواتین، لیبراور یوتھ سے براہ راست انتخابات کا حق چھین کر آئین کے آرٹیکل 140A کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔ اس پر عوامی تحریک نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔ مرحلہ وار الیکشن کو بھی عدالت میں چیلنج کرنے پر قانونی مشاورت کر رہے ہیں۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کور کمیٹی کے ممبران بریگیڈیئر(ر) مشتاق احمد، عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، مخدوم ندیم ہاشمی، ایم نوراللہ، میجر(ر) محمد سعید، ساجد محمود بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے انتہائی اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں ہم خیال سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔ عوامی تحریک کے اجلاس میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا خیر مقدم بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی تنظیمات بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں تیز کر دیں۔ انتخابات میں عوامی تحریک نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گی۔ خرم نواز گنڈاپور نے مطالبہ کیا کہ انتخابی شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد لوکل گورنمنٹ کے فنڈ منجمد کیے جائیں اور نئی ترقیاتی سکیموں کے افتتاح پر فوری پابندی لگائی جائے۔ انتخابی اضلاع میں وزراء کے دورے ممنوع کر کے تقرر و تبادلوں پر پابندیاں لگائی جائیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب حکومت کے خلاف آئین اقدامات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ 24اگست کو سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں عوامی تحریک کا وفد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرے گا اور انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top