اٹلی: منہاج القرآن کارپی کی عید ملن پارٹی، وابستگان سمیت اطالوی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

کارپی: منہاج القرآن انٹرنیشنل کارپی (اٹلی) نے 18۔جولائی 2015ء کو کارپی کے ایک ہوٹل میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں اطالوی کمیونٹی، منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء اور وابستگان کے علاوہ منہاج ویمن لیگ کارپی کی ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ اقدس شہزاد نے حاصل کی۔ منہاج یوتھ لیگ کارپی کے کارکن سیماب ظفر نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

منہاج القرآن ساوتھ اٹلی کے صدر افضال سیال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور استقبالیہ گفتگو کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کے ناظم مختار احمد قادری نے شرکاء کو منہاج القرآن یوتھ لیگ کارپی کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ، تحریک منہاج القرآن کا ہراول دستہ ہے۔ یوتھ لیگ دعوتی و تنظیمی، علمی و روحانی اور تعلیمی و تربیتی پلیٹ فارم ہے، جو امت مسلمہ کے نوجوانوں کی ایمان اور عمل صالحہ کے ساتھ ساتھ تحریکی اور انقلابی بنیادوں راہنمائی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کا مقصد اولین نوجوانوں کی سیرت و کردار کو اس طرح تعمیر کرنا ہے کہ وہ دنیا کی امامت، قیادت کا فریضہ ادا کرسکیں اور معاشرے سے باطل، طاغوت استحصال اور ظلم پر مبنی نظام کا خاتمہ کر دیں اور ان کی جدوجہد کے نتیجے میں بالآخر پرامن مصطفوی انقلاب کا سویرا طلوع ہوجائے۔‎

منہاج القرآن پیس اینڈ اینٹیگریشن یورپ کے صدر محمد اقبال شاہ نے منہاج القرآن کارپی کے اہم کارناموں اور سماجی میدانوں میں کی جانے والی کاوشوں پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی۔ اس موقع پر منہاج القرآن کارپی کے نائب صدر مرزا امتیاز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ احترامِ انسانیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کی دعوت کی اساس ہے اور تحریک کی ساری دنیا میں پذیرائی کی وجہ یہ ہے کہ اس نے انسانیت کو محبت اور امن کا پیغام دیا ہے۔ محبت کا یہ پیغام درندے اور انسان میں فرق کرتا ہے۔ محبت ایک دوسرے سے میل جول اور قربت پیدا کرتی ہے اور نفرت کو بھگاتی ہے۔ شرکاء کو پروجیکٹر سکرین پر ڈاکومنٹری کے ذریئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، منہاج القرآن ساوتھ اٹلی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج مصالحتی کونسل، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور منہاج ویمن لیگ کی مختلف دینی، تعلیمی، فلاحی اور سماجی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا، اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے عالمی نیٹ ورک اور اس کے اغراض و مقاصد بھی بیان کیے گئے۔

منہاج القرآن کارپی کے ڈائریکٹر علامہ وقار احمد قادری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کو اس عظیم تحریک میں شمولیت کی دعوت دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top