بلدیاتی ادارے ہوتے تو عوام حرام گوشت کھانے پر مجبور نہ ہوتے :عوامی تحریک لاہور

بلدیاتی اداروں کو تالے لگا کر سیاسی دہشت گردی کی گئی، ذمہ دار آئین اور قوم کے مجرم ہیں
عوامی تحریک لاہور کی واہگہ اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں بلدیاتی پینل تشکیل دینے پر مشاورت مکمل
ممکنہ امیدواروں کا مرکزی سیکرٹریٹ میں اجلاس، چیف کوآرڈینیٹر میجر(ر) محمد سعید نے صدارت کی

لاہور (3 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک لاہور کا اہم اجلاس عوامی تحریک کے چیف کوآرڈینیٹر اور لاہورکے انچارج میجر(ر) محمد سعید کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں واہگہ ٹاؤن اور عزیز بھٹی ٹاؤن میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پینل تشکیل دینے سے متعلق مشاورت مکمل کر لی گئی جس کا باضابطہ اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائیگا، میجر(ر) محمد سعید نے بلدیاتی امیدواروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی ادارے ہوتے تو عوام حرام گوشت اور جعلی دوائیاں اور مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور نہ ہوتے، وزیراعلیٰ پنجاب اور اس کی ساری مشینری صرف میٹرو بس چلانے میں مصروف ہے جبکہ گلی محلے کی سطح پر رہنے والے عوام بے شمار مسائل اور تکالیف سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لاہور کے عوام نااہل حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر پھینکیں اور اس کی ابتداء بلدیاتی اداروں کے اندر تبدیلی لا کر کریں، صرف ڈاکٹر طاہرالقادری کے جانثار کارکنان ہی عوام کے جان و مال اور صحت سے کھیلنے والے ملک دشمن اور منافع خور عناصر کو نکیل ڈال سکتے ہیں۔ اجلاس میں ارشاد طاہر، اصغر ساجد، انجینئر ثناء اللہ، حاجی عبدالخالق، طارق الطاف، بشیر آفریدی، مصطفیٰ جاوید، شہباز بھٹی، ڈاکٹر شبیر و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میجر (ر) محمد سعید نے کہا کہ عوام بلدیاتی اداروں میں ایسے امیدوار منتخب کر کے بھیجیں جو 7سال کی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے جذبہ سے سر شار ہوں۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابی مہم موثر انداز میں چلانے کیلئے ٹاؤن کی سطح پر کمیٹیاں قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ شرکائے اجلاس نے اجلاس کے اختتام پر سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلدیاتی الیکشن سربراہ عوامی تحریک کے 10 نکاتی انقلابی منشور کی روشنی میں لڑیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top