شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے عوامی تحریک لاہور کی باٹا پور یادگار تک ریلی

ریلی میں سینکڑوں کارکنان کی شرکت، ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں
دشمن کو خبر ہے پاکستانی قوم ناقابل شکست ہے، خرم نواز گنڈا پور، میجر (ر) محمد سعید، سہیل رضا کا ریلی سے خطاب
میجر شبیر شریف شہید کے مزار اور عزیز بھٹی شہید کی یادگار پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں

لاہور (6 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک لاہور کی طرف سے جنگ ستمبر کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ سے باٹا پور شہدا کی یادگار تک ریلی نکالی گئی اورسربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادریں چڑھا ئی گئیں اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں۔ موٹر سائیکل سواروں کی ایک بڑی تعداد بھی ریلی کے ہمراہ تھی۔ ریلی میں باٹا پور تنظیم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل جنرل خرم نواز گنڈا پور، چیف کوآرڈینیٹر میجر (ر)محمد سعید نے کی۔ اس موقع پر شرکائے ریلی اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ دشمن کو خبر ہے قربانی کے جذبہ سے ہر وقت سرشار رہنے والی پاکستانی قوم ناقابل شکست ہے، اسی لئے 65 کے بعد دشمن نے سامنے آکر وارکرنے کی بجائے چھپ کر وار کیا اور ہر بار منہ کی کھائی۔ میجر(ر) محمد سعید نے کہاکہ 6ستمبر کا دن قومی غیرت و حمیت اور حب الوطنی کے مظاہرے کا شاندار دن ہے۔ جنگ ستمبر میں افواج پاکستان اور قوم کا جذبہ حب الوطنی قابل تحسین تھا۔ آئندہ بھی کسی نے ہم پر میلی نگاہ ڈالی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ریلی سے راجہ زاہد، سہیل رضا، ساجد بھٹی، مظہر علوی نے بھی خطاب کیا۔ عوامی تحریک کے ایک وفد نے ساجد بھٹی اور سہیل رضا کی قیادت میں میجر عزیز بھٹی شہید کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور دعا کی۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر ملک کے 8شہروں میں عوامی تحریک یوتھ ونگ کے وفود نے شہداء کے مزارات پر حاضری دی اورپھولوں کی چادریں چڑھائیں جن میں گجرات، راولپنڈی، بوریوالہ، صوابی، گلگت، گوجر خان، کراچی شامل ہیں۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں نے میانی صاحب قبرستان میں میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ملکی سلامتی کیلئے دعا کی۔ وفد میں حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، عارف چودھری، حفیظ اللہ جاوید، اصغر ساجد، مجاہد لنگڑیال ایڈووکیٹ، ناصر سلطان شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top