قوم قائد اعظم کے پاکستان کو ڈھونڈ رہی ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

قائد اعظم نے پسے ہوئے طبقات کیلئے جو خواب دیکھے تھے انہیں ضرور تعبیر ملے گی
کرپٹ لیڈر شپ نے عوام اور اداروں کو ہی نہیں آئین کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے

لاہور (10 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ قوم قائد اعظم کے پاکستان کو ڈھونڈ رہی ہے۔ قائداعظم کے پاکستان پر آج ٹیکس چوروں اور لٹیروں کا قبضہ ہے۔ غریب آدمی روزگار اور ظلم کا شکار عوام انصاف کیلئے دربد ر ہیں۔ انقلاب آ کر رہے گا اور قائد اعظم نے پسے ہوئے طبقات کیلئے جو خواب دیکھے تھے انہیں ضرور تعبیر ملے گی۔ وہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم وفات کے موقع پرسنٹرل کور کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان پسماندہ طبقات کی محرومیاں ختم کرنے کیلئے بنا اور لاکھوں قربانیاں دی گئیں مگر آج پھر وہی طبقات مسلط ہیں جو قیام پاکستان سے قبل بھی کمزور طبقات کا استحصال کر رہے تھے۔ جب پاکستان بنا تھا تو اسکا کوئی ایک شہری بھی ایک پائی کا مقروض نہ تھا اور آج اس کا ہر شہری ایک لاکھ روپے کا مقروض ہے، جب پاکستان بنا تھا تو اسکی پالیسیاں اسکے اپنے لوگ بنا رہے تھے اور آج اسکی پالیسیاں غیر ملکی بنک بنا رہے ہیں۔ نا اہل اور کرپٹ لیڈر شپ کی وجہ سے پاکستان کے قیام کے حقیقی مقاصد دھندلا گئے ہیں۔ کرپٹ لیڈر شپ نے عوام اور اداروں کو ہی نہیں آئین کو بھی یرغمال بنا رکھا ہے، یہ بالادست طبقہ آئین کے صرف اس حصے پر عمل کرتا ہے جو انکے مفادات کو تحفظ دیتا ہے، انکے قبضے کو ختم کرنے کیلئے ہی انقلاب مارچ کیا اور دھرنا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ اللہ کا انعام تھے کہ جس کی جدوجہد اور اخلاص کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور اسلامی ملک ابھرا، انہوں نے کہا کہ میں قوم بالخصوص پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان سے کہوں گا کہ وہ قائد اعظم کی سیاسی فکر کا گہری نظر سے مطالعہ کریں بالخصوص انکے 11 اگست 1947 کے قانون ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس سے کئے جانیوالے خطاب کا مطالعہ کریں۔ آج پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 67 ویں برسی پر مرکزی سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی کی خصوصی تقریب ہو گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top