قائد اعظم سولر پارک کا 100 میگاواٹ منصوبہ اب 18 میگاواٹ کیسے رہ گیا؟ عوامی تحریک

وزیر اعلیٰ نے جھوٹ بولنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، نام ریکارڈ کی عالمی کتاب میں درج ہونا چاہیے
2 روپے میں روٹی بیچنے سے لے کر 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے جھوٹ بولے گئے، سیکرٹری جنرل PAT

لاہور (11ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہاہے کہ میاں شہباز شریف نے قوم سے جھوٹ بولنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے انکا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج ہونا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے قائد اعظم سولر پارک منصوبہ کا افتتاح کرتے وقت پوری قوم کے سامنے کہا تھا کہ یہ 100 میگاواٹ کا منصوبہ ہے اور اسکی استعداد 900 میگاواٹ تک بڑھائیں گے اور آج وہ ڈھٹائی کے ساتھ اپنے کئے ہوئے اعلان سے منحرف ہوتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ یہ منصوبہ 18 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب خود ہی بتائیں وہ تب جھوٹ بول رہے تھے یا اب قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں ایسے جھوٹے اور کاذب لوگ نہیں دیکھے جتنے یہ حکمران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کے اڑھائی سو ارب خرچ کرنے کے بعد کاذب اعلیٰ کہہ رہا ہے کہ 18 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے، کیا افتتاح کے موقع پر بھی انہوں نے قوم سے کہا تھا کہ اس منصوبہ سے 18 میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سچے ہوتے تو پوری پریس کانفرنس کے دوران انکی نظریں جھکی ہوئی نہ ہوتیں اور بولتے ہوئے انکی زبان نہ تھرتھرا رہی ہوتی۔ انہوں وزیر اعلیٰ پنجاب کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا کہ اعلان کرنا اور پھر مکر جانا انکی پرانی سیاست ہے۔ انہوں نے پہلے کہا کہ 2روپے میں روٹی نہ بیچی تو میرا نام شہباز شریف نہیں، پھر کہا زرداری کو سڑکوں پر نہ گھسیٹا تو میرا نام شہباز شریف، پھر کہا 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام شہباز شریف نہیں، پھر کہا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جوڈیشل کمیشن نے میری طرف انگلی بھی اٹھادی تو مستعفی ہو جاؤں گا، نندی پور پاور پروجیکٹ کے بارے میں کہا گیاکہ یہ 425 میگاواٹ کا منصوبہ ہے جہاں سے 1 میگاواٹ بجلی بھی پیدا نہیں ہو رہی۔ وہ کاذب اعلیٰ یا قاتل اعلیٰ میں سے اپناکوئی ایک نام تجویز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ پر جھوٹ بول کر حکومت کرنے والے خدا کے ساتھ ساتھ مخلوق خدا کے بھی مجرم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top