عوامی تحریک نے حکمرانوں کی کرپشن کے ثبوت جمع کرنے کیلئے سیل قائم کر دیا

کرپشن کے خاتمہ کیلئے لانگ مارچ کی ضرورت پڑی تو عوامی تحریک سب سے آگے ہو گی: خرم نواز گنڈاپور
سوشل سروے میں ایک لاکھ نوجوانوں نے معاشی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کرنے کی تجویز دی ہے

لاہور (15 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری کی ہدایت پر پاکستان عوامی تحریک نے حکمرانوں کی کرپشن کی ثبوت جمع کرنے کیلئے ایک خصوصی سیل قائم کر دیا ہے۔ اس کیلئے ایف آئی اے، پی اینڈ ڈی اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ریٹائرڈ افسران، اہلکاروں اور تحقیقاتی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کی خدمات حاصل کی جائینگی۔ سیل پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران کی سربراہی میں کام کرے گا جس میں خرم نوازگنڈاپور، محمد سعید راجپوت، حنیف مصطفوی، بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق، فیاض وڑائچ، بشارت جسپال، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر، مخدوم ندیم ہاشمی اور نوراللہ صدیقی شامل ہیں۔ سیل کی قانونی رہنمائی کیلئے اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی سربراہی میں ایک وکلاء کا پینل بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپورنے کہا ہے کہ حکومتی، سیاسی اور مذہبی صفوں میں چھپے ہوئے معاشی دہشتگردوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو آپریشن ضرب عضب کے ثمرات سے قوم محروم رہ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے معاشی سپورٹرز اور ملکی خزانہ لوٹنے والوں کیخلاف ہر محب وطن پاکستانی شہری کو اپنے فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔ اگر احتساب کا کام حکمرانوں کی صوابدید پر چھوڑ دیا گیا تو ہر مگر مچھ احتساب کے اداروں سے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے نکلے گا۔ کرپشن کے ثبوت جمع کیے جانے کے حوالے سے قائم ہونے والے سیل کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے رواں ماہ کرپشن کے خاتمے کیلئے سوشل میڈیا پر نوجوانوں سے تجاویز طلب کی تھیں تو اس سوشل سروے میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں نے کرپشن کے خلاف فیصلہ کن احتجاج کرنے اور قومی دولت کی لوٹ مار میں ملوث عناصر کو موت کی سزا دینے کی تجویز دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کر پشن کے خلاف لانگ مارچ کی ضرورت پڑی تو پاکستان عوامی تحریک سب سے آگے ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر پاکستانی شہری سے اپیل کرتے ہیں جس کے پاس کرپشن کے ثبوت ہیں یا معلومات ہیں وہ ہمیں بذریعہ خط 365 ایم بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور کے پتہ پر ارسال کرے۔ ہم اس کا نام اور پتہ صیغہ راز میں رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کی معلومات دینے کیلئے پاکستان عوامی تحریک کے ٹیلیفون نمبرز پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اور پاکستان اور کرپشن اور جمہوریت اب ایک ساتھ نہ چل سکتے ہیں اور نہ قوم چلنے دے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top