ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے: عوامی تحریک

عید الاضحی سے قبل حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے غریب عوام کے چولہے بجھا دئیے
ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے 70 فیصد غریب گھرانے متاثر ہونگے، ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے
ظالم حکمران مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں ورنہ انہیں عوامی عدالت کا سامنا کرنا ہوگا

لاہور (16ستمبر 2015) عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال، منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر فرح ناز اور عوامی تحریک لاہور کے جنرل سیکرٹری عارف چودھری نے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید الاضحی سے قبل حکومت نے ایل پی جی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کر کے غریب عوام کے چولہے بجھا دئیے ہیں۔ حکمرانوں نے عید سے قبل بکروں کی بجائے عوام کی کھال اتارنا شروع کر دی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ یہ ظالمانہ اضافہ فوری واپس لیا جائے۔ آمدنی کی نسبت گرانی میں ہوشربا اضافہ عوام کی پریشانیوں کو مزید بڑھاتا جارہا ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے 70فیصد غریب گھرانے متاثر ہونگے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ ہو گا۔ متوسط اور غریب طبقہ جو پہلے ہی بے حال ہے اس کی تو کمر ہی ٹوٹ جائے گی۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کیلئے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیں اور سرکاری سطح پر قیمتوں کی تعین کیلئے مانیٹرنگ کا نظام بنائے۔ ایل پی جی کے نرخوں میں اضافے نے غریب عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ صرف 7دن میں ایل پی جی کی قیمتوں میں 20روپے اضافہ عوام کو زندہ درگور کر دینے کے مترادف ہے۔ ظالم حکمران مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات کریں ورنہ انہیں عوامی عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top