فاٹا کو صوبہ کا درجہ دئیے جانے کے حامی ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان کی ترقی اور استحکام کیلئے اختیارات کی مرکزیت کا خاتمہ ضروری ہے
ون مین شو نے لا تعداد سیاسی و جمہوری برائیوں کو جنم دیا، گفتگو

لاہور (20 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام اختیارات کی مرکزیت کے خاتمہ میں ہے۔ ون مین شو کے انتظامی کلچر نے لاتعداد سیاسی و جمہوری برائیوں کو جنم دیا، فاٹا کو صوبہ کا درجہ دینے کے حامی ہیں۔ تاہم فیصلہ کرنے کا حق صرف فاٹا کے عوام کا ہے اس کیلئے ریفرنڈم کروانے میں کوئی حرج نہیں۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی سے ٹیلی فونک گفتگو کر رہے تھے۔ سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں فاٹا کے عوام نے قابل فخر تاریخی قومی کر دار ادا کیا، لاکھوں خاندانوں نے 20کروڑ عوام کے تحفظ اور آرام کیلئے ہجرت کی تمام تر مشکلات اور تکلیفوں کے باوجود جرات مندی کے ساتھ حالات کا مقابلہ کیا اور ابھی تک کر رہے ہیں۔ فاٹا کے عوام کو قومی سیاسی دھارے کا حصہ بننا چاہیے، انکی محرومیوں کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ فاٹا کے عوام کا پاکستان پر کسی بھی شہری سے زیادہ حق ہے کیونکہ انہوں نے لا تعداد جانی و مالی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی بنیادوں پر مزید صوبے بنا کر صوبوں کے موجودہ سائز کم کئے جانے چاہئیں تاکہ گورننس کے مسائل حل ہوں اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کے بطور صوبہ ترقی کرنے کے وسیع مواقع اور قدرتی ماحول دستیاب ہے۔ فاٹا کی جفاکش افرادی قوت اسکا انمول خزانہ ہے۔ اربوں ڈالر کی تجارت کو قانونی بنانے سے بھاری ریونیو حاصل ہو گا۔ قیمتی معدنیات کے خزانے بھی فاٹا میں ہیں اور ہیوی انڈسٹری کیلئے فاٹا ایک ساز گار خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک مزید صوبے بنانے کے حق میں ہے تا ہم اگر فاٹا کے عوام چاہیں کہ وہ خیبر پختونخواہ کا حصہ بننا چاہتے ہیں تو ان کی رائے کا احترام ہونا چاہیے تاہم یہ فیصلہ کسی بندکمرے میں نہیں بلکہ ریفرنڈم کے ذریعے ہی مناسب ہو گا۔ سربراہ عوامی تحریک نے وزیر اعظم دبئی کے جواں سال بیٹے شیخ راشد کے ناگہانی انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ سربراہ عوامی تحریک نے این اے 156 میں پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار خواجہ عامر فرید کوریجہ کی انتخابی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کارکن انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top