امن کیلئے دنیا کی قربانیاں ایک طرف پاکستان کی ایک طرف ہیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
عالمی تنازعات کے خاتمے تک دنیا میں دہشتگردی کے بادل چھائے رہیں گے، امن عالمی دن کے موقع پر خطاب
لاہور (21 ستمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن کے عالمی دن کے موقع پر لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سنیئر رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پوری دنیا کی قربانیاں ایک طرف اور پاکستان کے عوام کی قربانیاں ایک طرف ہیں۔ 50 ہزار سے زائد قربانیاں دینے والے 20 کروڑ عوام نوبل انعام کے حق دار ہیں۔ پاکستان کو اپنے سیاسی، معاشی مفادات کی خاطر میدان جنگ میں تبدیل کرنے والے ’’اپنے اور پرائے‘‘ اب اس کے حال پر رحم کھائیں اور پاکستان کے عوام کی قربانیوں کا احترام کریں۔ آپریشن ضرب عضب سے شکستہ دل قوم کو اعتماد اور حوصلہ ملا۔ قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو جائے تو دہشتگردوں کو سر چھپانے کی کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ سربراہ عوامی تحریک نے عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہر کارکن امن کا سفیر ہے۔ ہماری تحریک پاکستان، عالم اسلام، اورعالمی امن کے قیام کیلئے علمی، فکری سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ دہشتگردی کے خاتمہ اور فروغ امن کا نصاب دنیا کے ہر ملک اور معاشرہ کیلئے ہے۔ ہماری تحریک امن کا پیغام دنیا کے کونے کونے تک پہنچارہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عالمی امن کے دن کے موقع پر دنیا بھی اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرے۔ جب تک کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، عراق کے عوام کو ان کے بنیادی حقوق نہیں ملتے، ان کی داخلی، خارجی خودمختاری کو دل سے تسلیم نہیں کیا جاتا دنیا پر جنگ اور دہشتگردی کے بادل چھائے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار عالمی امن کے قیام کیلئے کشمیر سمیت تمام متنازعہ عالمی مسائل کے حل کیلئے عملی کوششیں کی جائیں۔
تبصرہ