منہاج القرآن انٹرفیتھ کے ڈائریکٹر سہیل رضا کیلئے کیتھولک آرچ بشپ کی طرف سے پیس ایوارڈ

بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سہیل رضا کی خدمات کو سراہا گیا، ایوارڈ آرچ بشپ نے دیا

لاہور (30 ستمبر 2015) ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن انٹرنیشنل سہیل احمد رضا کو بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات انجام دینے پر آرچ بشپ آف لاہور سبسٹین فرانسس شاء نے پیس ایوارڈ 2015دیا۔ ایوارڈ دینے کی پر وقار تقریب کا انعقاد پیس سنٹر لاہور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فادر جیمز چنن نے کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو بھی موجود تھے۔ آرچ بشپ سبسٹین شاء جو کہ پاپائے اعظم کی کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ ویٹی کن سٹی کے پاکستان میں سربراہ بھی ہیں، انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی قومی و عالمی سطح پر دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں غیر معمولی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سہیل احمد رضا کو کیتھولک چرچ آف پاکستان کے سربراہ کی حیثیت سے پیس ایوارڈ 2015 سے نوازا۔ اپنے خطاب میں آرچ سبسٹین فرانسس نے کہا کہ منہاج القرآن انٹرنینشل کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیام امن اور اتحاد و یگانگت کیلئے تاریخی خدمات ہیں۔ انسانی حقوق، تعلیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے خلاف شعور کی بیداری و عملی رہنمائی دینے پر ڈاکٹر طاہر القادری کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ آرچ بشپ، پیس سنٹر لاہور اور یو آرآئی پاکستان کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کو اس اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے مزید کہا کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر طاہر القادری کی رہنمائی میں مذاہب عالم کے درمیان مکالمے کے کلچر کے فروغ اور احترام مذاہب اور اعلیٰ انسانی اقدار کے فروغ کیلئے جدوجہد کر رہی ہے تا کہ دنیا کو ہر طرح کے تعصبات سے پاک کر کے امن کا گہوارا بنایا جا سکے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں، مختلف مذاہب کے رہنماؤں، سیاسی قائدین، منہاج القرآن اور عوامی تحریک کی مرکزی قیادت نے سہیل رضا اس اہم ایوارڈ کے ملنے پر خصوصی مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top