منہاج القرآن نے 35 سالہ جدوجہد میں علم اور امن کو فروغ دیا: ڈاکٹر طاہرالقادری

دہشتگردوں کے باطل نظریات کو قرآن و سنت کی روشنی میں رد کیا، 35ویں یوم تاسیس پر خطاب
منہاج القرآن محض مذہبی نہیں علمی، روحانی، فکری اور سماجی خدمت کی بے مثال تحریک ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

لاہور (17 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد تحریک منہاج القرآن کے بانی اور سرپرست ڈاکٹر طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے 35 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقعدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے اپنی 35 سالہ لازوال جدوجہد میں علم، امن کے فروغ اور دین محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ترویج و اشاعت اور نشاۃ ثانیہ کیلئے دنیا بھر میں گرانمایہ خدمات انجام دیں۔ اسلام کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی الزام تراشیوں سے پاک کرنے کا اعزاز بھی اللہ نے علمی، فکری تحریک تحریک منہاج القرآن کو عطاء کیا۔ انہوں نے کہا کہ 35 سالہ جدوجہد کے اس سفر میں لاتعداد مشکلات اور آزمائشیں آئیں مگر اللہ نے ہر مشکل میں اپنی مدد اور نصرت سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے علماء، سکالرز، پروفیسرز، قرا حضرات احیائے دین اور عشق مصطفیٰ کی شمعوں کو روشن رکھے ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں پہلی بار تحریک منہاج القرآن نے علمی و فکری سطح پر دہشتگردوں کے باطل نظریات کو قرآن و سنت کی روشنی میں رد کیا اور 600 صفحات پر مشتمل ڈاکومنٹ جاری کیا جس کے تراجم انگریزی، ہندی، عربی اور فرنچ زبانوں میں پوری دنیا میں پڑھے جارہے ہیں اور دنیا اسلام اور دہشتگردی کو متضاد فکر کے طور پر تسلیم کرنے پر مجبور ہوئی۔ یوم تاسیس کے حوالے سے سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین القادری نے کہا کہ ادارہ منہاج القرآن نے 700 سے زائد تعلیمی ادارے قائم کر کے لاکھوں طلباء و طالبات کو معیاری اور سستی تعلیم کا دینی فریضہ انجام دیا۔ یتیم بچوں کیلئے عالمی معیار کا جدید ترین ادارہ آغوش قائم کیا جہاں ہر سال سینکڑوں بچے مفت اور اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ منہاج القرآن کے شعبہ ویلفیئر کے زیراہتمام ہر سال شادیوں کی اجتماعی تقریب منعقد کر کے غریب بچوں اور بچیوں کی شادی کے جملہ اخراجات برداشت کیے جاتے ہیں اسی طرح اجتماعی قربانیوں کے ذریعے کم آمدنی والے مسلمانوں کو سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں مدد فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے شعبہ ویلفیئر کے زیراہتمام وسیلہ روزگار سکیم کے تحت ہنرمند افراد کو پاؤں پر کھڑا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے اندرون و بیرون ملک مقیم لاکھوں کارکنان، رفیق اور عہدیدار منہاج القرآن کی ریڑھ کی ہڈی اور اسلام کے سچی سپاہی ہیں۔ تحریک منہاج القرآن محض مذہبی تحریک نہیں بلکہ یہ ایک علمی، روحانی، فکری، سماجی خدمت کی تحریک ہے اور عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کا یہ قافلہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ دریں اثناء محرم الحرام کے احترام میں تحریک منہاج القرآن کے 35 ویں یوم تاسیس پر سادگی سے تقریب منعقد کی گئی۔ یوم تاسیس کے موقع پر امیر تحریک فیض الرحمن درانی، بریگیڈیئر(ر)اقبال احمد خان، نوازگنڈاپور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، رفیق نجم، علامہ فرحت حسین شاہ، علامہ رانا محمد ادریس، سردار شاکر مزاری، سید امجد علی شاہ، جواد حامد، سہیل رضا، خالد درانی، مشتاق سہروردی، مخدوم ندیم ہاشمی نے اندرون و بیرون ملک مقیم لاکھوں کارکنان کو یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کی ہے اور دعا کی اللہ تعالیٰ اس تحریک اور اس کے بانی ڈاکٹر طاہرالقادری کا سایہ صحت و تندرستی کے ساتھ ہمارے سروں پر سلامت رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top