لاہور: سیدہ کائنات کانفرنس 2006ء

جہاں بحر سکون و اطمینان آ کر ملتے ہیں اسکا نام فاطمہ ہے، سیدہ کائنات فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کا ہر پہلو امت مسلمہ کی ہر خاتون کے لیے قابل تقلید ہے۔ آج ہمیں سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کے اسوہ پر چلنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام منعقدہ سیدہ کائنات کانفرنس (مورخہ 8 اکتوبر 2006ء) کے شرکاء سے کیا۔ انہوں نے کہا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حضرت فاطمۃ الزہرۃ رضی اللہ عنہا کو دل و جان سے پیار کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی پیاری بیٹی کو ایک رول ماڈل کے طور پر پیش کیا، آج ہمیں سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کرنے کے ضرورت ہے۔

الحمراء ہال لاہور میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی ناظمہ فرح ناز نے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی سیرت ہمیں ایثار اور قربانی کا جذبہ عطا کرتی ہے آج ہمیں زلزلے سے متاثرہ 80 فیصد وہ لوگ یاد آ رہے ہیں جنہیں آج بھی اپنے گھر کی چھت میسر نہیں۔ ہمیں ان لوگوں کی مدد کے لئے خاتون جنت کی سیرت سے جذبہء ایثار اپنانا ہو گا۔

صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم قدسیہ لودھی نے سیدہ کائنات کو "لارڈ آف دی ورلڈ" قرار دیا۔ اس موقع پر انہوں نے نپولین کا یہ جملہ دہرایا کہ "Give me good mother, I`ll give you good nation" قدسیہ لودھی نے تاریخی حوالے دیتے ہوئے نہایت مدلل گفتگو کی اور سیدہ کائنات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ممبر قومی اسمبلی سمیہ راحیل قاضی نے کہا حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنھا کی تین نسبتوں کی وجہ سے بہت عظمت ہے ایک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دختر ہونا، دوسری شہید کربلا کی والدہ اور تیسری آپ سیدۃ النساء ہیں۔ ان نسبتوں کی وجہ سے آپ سیدہ کائنات بنیں۔ آج خواتین کو ان کے اسوہ کو اپنانے کی ضرورت ہے۔

ممبر قومی اسمبلی مہناز رفیع نے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی سیرت کا ذکر کرنا اس لیے بھی ضروری ہے کہ ہمیں اپنی ذات کے لیے لائحہ عمل مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کے کردار میں سب سے زیادہ حیا اور حسن اخلاق موجود تھا۔

ڈائریکٹر خانہ فرہنگ ایران کی اہلیہ مسز امینی نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کے تمام پہلو انتہائی خوبصورت ہیں۔ وہ اسلام کی خاتون اول تھیں۔ اس موقع پر مانیٹرنگ سیل وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوآرڈینیٹر بیگم ناصرہ نصیر نے سورۃ کوثر کی روشنی میں سیدہ کائنات کی ذات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں کا ذکر کیا۔

امامیہ آرگنائزیشن کی مرکزی ناظمہ نگہت اسرار شاہ نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرہ رضی اللہ عنہا کی زندگی کا ہر پہلو قابل رشک ہے آپ نہ صرف خود اسلام کی جانثار مجاہدہ تھیں بلکہ آپ نے اپنی اولاد کو بھی دین پر مر مٹنے کا سبق سکھایا۔

پاک انجمن اسلام برائے خواتین کی سربراہ مسز بدر احسن اقبال نے کہا کہ خواتین سیدہ کائنات کی حیات مبارکہ کی روشنی میں اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں اور ان سے نسبت کو مضبوط کر کے آئندہ نسلوں تک انکے کردار کو منتقل کریں۔

حضرت فرید الدین گنج شکر (رحمۃ اللہ علیہ) کے سجادہ نشین کی اہلیہ مسز فوزیہ بختیار نے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی سادگی کا یہ عالم تھا کہ انہوں نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرمان پر اپنے جہیز کی قیمتی قمیض بھی سائل کو دے دی۔ آج ہمیں ان کی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کی ذات مبارکہ امت مسلمہ کی خواتین کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آج مسلم خواتین کو ان کے نقش قدم پر چلنا ہو گا تاکہ خواتین اسلامی نظامِ حیات کے مطابق زندگی گزار سکیں۔

اس کانفرنس کو ہر سال کی طرح امسال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ فرانس کی تنظیم نے سپانسر کیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوشابہ حمید نے فرانس کی تنظیم کی نمائندہ محترمہ مہناز حمید کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ پروگرام کے اختتام پر سیدہ کائنات رضی اللہ عنہا کے حضور سلام پیش کیا گیا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

اس سے متعلقہ فوٹو البم ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top