اہل بیت کی محبت سے خالی دل مردہ ہیں، نوجوان فکر حسین علیہ السلام سے تعلق جوڑیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
’’پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس‘‘ سے خطاب، ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران کی کانفرنس میں شرکت
جیکب آباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت، قیمتی جانوں کے ضیاع پر
افسوس کا اظہار
لاہور (23 اکتوبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس سے ٹورنٹو سے براہ راست ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جو دل اہل بیت کی محبت اور کربلا میں دی جانیوالی قربانیوں کے غم سے خالی ہے وہ دل مردہ اور ایمان سے خالی ہے، نوجوان فکر امام حسین علیہ السلام سے تعلق جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دین حق کیلئے جانوں کی قربانیاں دے کر قیامت تک کیلئے ظالموں کا سر نیچا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے نوجوان واقعہ کربلا اور شان امام حسین علیہ السلام اور مقام امام حسین علیہ السلام کو اپنے مطالعہ کا حصہ بنائیں اور حضرت امام عالی مقام کی پاک زندگی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہادت ایک عظیم رتبہ اور اللہ کی بیش قدر نعمت ہے۔ شہادت کا یہ مقام اللہ اپنے انعام یافتہ بندوں کو عطا کرتا ہے۔ خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے برگزیدہ اور پاکیزہ افراد اللہ کے انعام یافتہ ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے جیکب آباد میں محرم الحرام کے جلوس میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت اور لا پروائی کا نتیجہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل آقائی اکبر برخورداری، آقائی استاد عباس بہشتی قمی، امیر تحریک فیض الرحمن درانی، خرم نواز گنڈا پور، احمد نواز انجم، جی ایم ملک، و دیگر رہنماؤں اور عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ نعت خوان حضرات نے حضرت امام عالی مقام کی شان میں ہدیہ تبریک پیش کیا اور مقررین نے اہل بیت کی دین حق کیلئے بے مثال قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی بے مثال جدوجہد اور قربانی موروثیت، ملوکیت اور مطلق العنانیت کے خلاف تھی۔ اہل بیت کی قربانیوں کا یہ پیغام قیامت تک کیلئے آنے والے ہر کلمہ گو مسلمان کیلئے ہے کہ اسلام کے نام پر اقتدار کو مستحکم کرنے والے اور مصطفوی اقدار کو مسخ کرنے والوں کے خلاف کلمہ حق بلند کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی قربانی ہر نوجوان کیلئے مشعل راہ اور ذریعہ نجات ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے معزز مہمانان گرامی کو منہاج القرآن سیکرٹریٹ آمد پر خوش آمدید کہا کہ اور برادر اسلامی ملک ایران کی پاکستان کیلئے درد مندی اور خدمات کو سراہا۔
تبصرہ