ناروے: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل اوسلو ناروے میں ہر سال کی طرح امسال بھی 10 محرم الحرام کو عظیم الشان شہادت امام حسین کانفرنس کا انعقاد کیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی علامہ انوار المصطفی ہمدمی تھے جو برطانیہ سے تشریف لائے تھے۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز صحیفہ انقلاب کی تلاوت سے کیا گیا جس کی سعادت قاری انصر علی قادری نے حاصل کی، بعد ازاں حیات المیر، ہارون قیوم اور قاری انصر علی قادری نے ہدیہ نعت بحضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی بارگاہ میں منقبت پیش کی۔ اس موقع پر نقابت کے فرائض علامہ صداقت علی قادر ی پرنسپل منہاج سکول اوسلو اور علامہ محمد اقبال فانی ڈائریکٹر منہاج القرآن انٹرنیشنل ناروےنے سرانجام دئیے۔

کانفرنس میں اوسلو کے علاوہ ناروے کے دیگر شہروں سے کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی جس سے مسجد کا ہال بھرا ہوا تھا۔ علامہ انوار المصطفی ہمدمی نے محبت اہل بیت اطہار پر اپنے مخصوص انداز میں خطاب کیا اور شان امام عالی مقام حضرت امام حسین ر ضی اللہ عنہ کو بیان کیا۔ انہوں نے واقعہ کربلا کو اس انداز میں بیان کیا کہ ہر آنکھ اشکبار تھی اور یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے واقعہ کربلا آج ہماری آنکھوں کے سامنے ہو رہا ہے۔

کانفرنس کے بہترین انتظام و انصرام کےلیے ایگزیکٹو منہاج القرآن، منہاج ویمن لیگ، منہاج یوتھ لیگ اور منہاج ویلفیئر نے اہم کردار ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر قاری خالد محمود نے سلام کا نذرانہ پیش کیا اور علامہ اسرار احمد نقشبندی نے دعا فرمائی۔ آخر پر شرکاء کانفرنس کے لیےلنگر حسینی کا بھرپور انتظام تھا۔

رپورٹ: قیصر محمود

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top