نا اہل حکمرانوں نے غیر متنازعہ یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر بھی قوم کو تقسیم کر دیا، ڈاکٹر طاہرالقادری

فلسفہ خودی غلامی سے نجات کا نسخہ ہے، ظالم نظام کی تبدیلی کیلئے نوجوان فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے رجوع کریں
سازش کے تحت فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو بزم ادب کی محفلوں تک محددود کر دیا گیا، ویڈیو لنک پر خطاب
عوامی تحریک کا وفد آج مزار اقبال رحمۃ اللہ علیہ سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائے گا

لاہور (8 نومبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نا اہل حکمرانوں نے غیر متنازعہ یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد تعمیر کر کے قوم کو تقسیم کر دیا۔ حکیم الامت ڈاکٹر محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا فلسفہ خودی غلامی کی ہر شکل سے نجات کا نسخہ کیمیا ہے۔ ظالم نظام کی تبدیلی استحصال اور انا انصافی کے خاتمے کیلئے نوجوان فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے رہنمائی لیں۔ حکیم الامت اغیار کی کاسہ لیسی سے نجات اور باوقار قوم کی تشکیل کیلئے نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ دیکھنا چاہتے تھے۔ وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر بیرون ملک سے ویڈیو لنک پر خطاب کر رہے تھے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ پاکستان ایماندار، مخلص اور اعلی تعلیم یافتہ قیادت کے باعث آزاد ہوا جبکہ نا اہل، کرپٹ اور جا ہل قیادت نے اسے معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑ دیا۔ انہوں نے کہاکہ علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ ایک سچے عاشق رسول تھے انہوں نے قرآن پاک کا گہرائی سے مطالعہ کیا اور پھر اس مطالعہ کی برکت سے اپنے اشعار کے ذریعے بھٹکی ہوئی امت مسلمہ کی رہنمائی کی، انکی تخلیقات کا مرکز و محور نوجوان تھے اور اقبال رحمۃ اللہ علیہ نوجوانوں کو ہمہ وقت جدید عصری، دینی و دنیاوی تعلیم کی جدوجہد میں مشغول دیکھنا چاہتے تھے۔ یہی قرآنی حکم ہے اور یہی حکم نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہے اور یہی ہمارے اسلاف کی فکرہے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک سے وابستہ ہر نوجوان کو میں یہ حکم دیتا ہوں کہ وہ اقبالیات کا عمیق نظری سے مطالعہ کرے، دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی علوم اور کتب کے مطالعہ سے رغبت پیدا کرے اور بحثیت پاکستانی اپنے آپ کو فکری و نظریاتی اعتبار سے مضبوط کرے۔

سربراہ عوامی تحریک نے کہاکہ غلامی اور محکومیت پر سمجھوتہ کر لینے والی بونی قیادت نے اقبال ڈے سستی شہرت کیلئے چھٹی کا تنازعہ کھڑا کر کے قوم کو تفریق اور اشتعال میں مبتلا کیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کرپٹ اور نا اہل قیادت قومی ہیروز کے متعلق تنازعات کو جنم دے کر قوم کو فکری و نظریاتی اعتبار سے کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی آئیڈیالوجی اور ہیروز کو تبدیل کرنے والی قومیں زیرو ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ علامہ اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے اشعار گنگنانے والی قیادت نے فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کو اپنے کردار میں نہیں ڈھالا جس کا نتیجہ ہے کہ آج ہم قوم سے ہجوم میں تبدیل ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت عظیم مفکر اسلام کو تعلیمی اداروں میں بزم ادب کی محفلوں تک محددود کر دیا گیا اور اسکے آفاقی پیغام پر عمل نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اقبالیات کا مضمون ہر سطح کے تعلیمی اداروں میں بطور لازمی مضمون پڑھایا جائے۔

دریں اثناء آج 9نومبر پاکستان عوامی تحریک کا ایک وفد صبح 9:30بجے مزار اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر حاضری دے گا اور سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی طرف سے مزار اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر پھولوں کی چادر چڑھائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top