فحاشی و عریانی نے معاشرتی اقدار کو کھوکھلا کر دیا

پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات پر عمل کر کے موذی امراض سے بچا جا سکتا ہے
ایڈز کے عالمی دن کی مناسبت سے نیشنل کونسل چرچز کے زیراہتمام سیمینار سے مقررین کا خطاب

لاہور (یکم دسمبر 2015) نیشنل کونسل چرچز آف پاکستان کے زیر اہتمام ایڈز اور ایچ آئی وی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر سیمینار منعقد کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ فحاشی و عریانی نے معاشرتی اقدار کو تباہ کر دیا، دنیا کا کوئی مذہب مادر پدر آزاد زندگی کا لائسنس نہیں دیتا۔ سیمینار میں مسلم، ہندو، سکھ، مسیحی رہنماؤں نے اظہار خیال کیا۔ منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضانے بطور مہمان خصوصی سیمینار میں شرکت کی جبکہ سکھ رہنما سردار جگجیت سنگھ، ہندو رہنما امر ناتھ رندھاوا، مسیحی رہنما پاسٹر سیموئیل جان نے اظہار خیال کیا۔ منہاج القرآن انٹر فیتھ کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے سیمینار میں اسلامی تعلیمات کے تناظر میں ایڈز اور ایچ آئی وی کی روک تھام پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور خالق کائنات نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بھیجی گئی پہلی وحی کے نزول کے وقت ابتدائی آیات میں انسانی تخلیق کے مدارج اور حقیقت کو بیان کیا ہے۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بنی نوع انسان کو جو طرز زندگی عطا فرمایا ہے اگر اس پر مکمل عمل کیا جائے تو اس موذی مرض سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ فحاشی، عریانی اور بے حیائی نے معاشرے کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ ساری دنیا کو متحد ہو کر بے راہ روی کی اس یلغار کو روکنا ہو گا تاکہ ان خطرناک امراض سے انسانیت کو بچایا جا سکے۔ سیمینار کے میزبان این سی سی اے کے سیکرٹری جنرل وکٹر عزرایا نے بھی اظہار خیال کیا اور ان خطرناک امراض کی روک تھام اور خاتمے کیلئے کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top