ڈاکٹر طاہرالقادری کی پارا چنار دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت

حکمران نورا کشتی بند کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ کریں، سربراہ عوامی تحریک

لاہور (13 دسمبر 2015) سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری نے پارا چنار بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہوں کی جانیں لینے والے دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، حکمران نورا کشتی بند کر کے عوام کے جان ومال کا تحفظ کریں، انہوں نے واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے عبرت ناک سزائیں دی جائیں انہوں نے کہاکہ ایک طرف اقتدار کے ایوانوں کے درمیان ذاتی اور جماعتی مفادات کے حصول کیلئے رسہ کشی جاری ہے اور قومی ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت نورا کشتی ہو رہی ہے اور دوسری طرف اس قوم کے بچوں کو دہشت گرد بے رحمی سے مار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد میں سنجیدگی نہ دکھائی گئی تو دہشت گرد وں کو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا ۔ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے فورسز پوری طاقت استعمال کریں ۔سیاسی ایوانوں پر انحصار ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہا ہے ۔ تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، چیف کوآرڈینیٹر میجر (ر) محمد سعید راجپوت نے پارا چنار دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے ۔رہنماؤں نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل دے اور زخمیوں کو جلد صحتیاب کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top