اپوزیشن کی رائے بلڈوز کر کے سائبر کرائم بل منظور کرنا افسوسناک ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

سینیٹ مکمل اتفاق رائے تک بل منظور نہ کرے، حتمی ڈرافٹ پبلک کیا جائے، چیئرمین سپریم کونسل
قومی ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل کیا جائے، منہاج القرآن کے نائب ناظمین کے اجلاس میں قرارداد
آئندہ نسلوں کو فتنہ خوارج سے محفوظ رکھنے کے لیے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے، نائب ناظمین

لاہور (12 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا ہے کہ عوامی صحافتی حلقوں اور پارلیمانی اپوزیشن کی رائے کو بلڈوز کر کے سائبر کرائم بل منظور کرنا افسوسناک اور ناپسندیدہ قانون سازی ہے۔ اس سے فائدہ کی بجائے نقصان ہو گا۔ حکومت عددی اکثریت کے بل بوتے پر قومی سلامتی کی حامل اس قانون سازی کو مفاداتی اور جماعتی سیاست سے آلودہ نہ کرے، قومی اسمبلی کی طرف سے منظور کیے جانے والے سائبر کرائم بل میں اپوزیشن کی تجاویز شامل کیے جانے تک سینیٹ آف پاکستان بل کی منظوری نہ دے اور بل کے حتمی ڈرافٹ کو رائے عامہ کیلئے پبلک کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظمین کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے قومی ایکشن پلان کے جملہ نکات پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور آپریشن ضرب عضب کی تکمیل اور کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔ اجلاس میں 16 دسمبر کو سانحہ اے پی ایس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں 24 دسمبر کو مینار پاکستان پر منعقد ہونیوالی عالمی میلاد کانفرنس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 32 ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے بعد دہشتگردوں کیلئے اپنی منفی سرگرمیاں کھلے بندوں جاری رکھنا ناممکن ہو گیا تھااس لیے وہ انٹرنیٹ کے ذریعے معصوم ذہنوں کو دہشتگردی کی طرف مائل کررہے تھے، ان منفی اقدامات کوکڑی سزاؤں کے ساتھ روکنا ناگزیر ہے تاہم سائبر کرائم کی روک تھام کی آڑ میں آزادی اظہار کے حق کو سلب کرنے کی اجازت بھی نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ حکومت قومی ایکشن پلان کو اول روز سے متنازعہ بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے اور حکومت کے اس رویہ کی وجہ سے دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنے میں مشکلات حائل ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اور ڈاکٹر طاہرالقادری دہشتگردی کے خلاف فکری و نظریاتی سطح پر ’’ضرب علم‘‘ کی شکل میں اپنا قومی، ملی و بین الاقوامی کردار ادا کررہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف 600 صفحات کا ڈاکومنٹ اور فروغ امن نصاب اس سلسلہ کی پہلی کاوش ہے۔ تحریک منہاج القرآن آئندہ نسلوں کو فتنہ خوارج سے محفوظ بنانے کیلئے آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top