امریکن قونصل جنرل کا پولیٹیکل افسر کے ہمراہ منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ

ڈاکٹر طاہرالقادری کے فروغ امن نصاب پر گفتگو، سیکرٹریٹ میں 3 گھنٹے گزارے
منہاج ویلفیئر کی طرف سے خصوصی بریفنگ، ڈاکٹر حسن محی الدین اور ڈاکٹر حسین محی الدین سے ملاقات

لاہور (14 دسمبر 2015) امریکن قونصل جنرل Mr Zachary Harkenrider اور پولیٹیکل آفیسر Mr Eric Martin نے منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا خصوصی دورہ کیا۔ دورے کے دوران چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، فیڈرل کونسل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین، خرم نوازگنڈاپور اور بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال سے ملاقات کی۔ امریکن قونصل جنرل نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹرطاہرالقادری کی طرف سے دہشتگردی کے خاتمہ اور فروغ امن نصاب کے حوالے سے رہنماؤں سے خصوصی گفتگو کی، ڈاکٹر حسن محی الدین نے فروغ امن نصاب اور دہشت گردی کے خلاف دئیے جانے والے فتویٰ کے حوالے سے وفد کو تفصیل سے آگاہ کیا۔

امریکن قونصل جنرل نے اس موقع پر ڈاکٹر طاہرالقادری کی بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کے فروغ کیلئے قومی و اسلامی خدمات کو سراہا اور کہا کہ بین المذاہب مکالمہ کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کا جرم کسی ایک قوم، ملک یا معاشرے کے خلاف نہیں بلکہ یہ انسانیت کے خلاف جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ تحریک منہاج القرآن فکری سطح پر انتہا پسندی کو ختم کرنے کی جدوجہد میں نمایاں ہے جو قابل ستائش ہے۔

امریکن وفد نے گوشہ درود، سیلز سنٹر، کانفرنس ہال اور مرکزی میڈیا سیل کا دورہ کیا جہاں تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں جی ایم ملک، سید امجد علی شاہ، فرح ناز، کرنل (ر) محمد احمد، نوراللہ صدیقی نے اپنے اپنے شعبہ جات سے متعلق بریفنگ دی۔

کانفرنس ہال میں امریکن وفد کو منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، منہاج یونیورسٹی کی مختلف فیکلیٹیز، شریعہ کالج، ایم ای ایس، آغوش گرائمر سکول اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ماتحت چلنے والے مختلف پراجیکٹس، اجتماعی شادیوں، خودروزگار سکیم، اجتماعی قربانیوں، فری آئی کیمپس، بلڈ بینک، ایمبولینس سروس کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ امریکی وفد کو بتایا گیا کہ منہاج القرآن یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور کفالت کی سو فیصد مفت سہولت مہیا کرتا ہے۔ قدرتی آفات کے نتیجے میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا جاتا ہے۔ وفد کو اندرون ملک چولستان میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ جا ت کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اسلامی رواداری کے فروغ، قیام امن، انتہا پسندی کے خاتمہ اور صوفی ازم کے پرچار پر کام کررہی ہے۔ رہنماؤں نے امریکن قونصل جنرل اور ان کے ہمراہ آنے والے وفد کا شکریہ ادا کیااور انہیں انتہا پسندی کے خاتمہ کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی تحریر کردہ کتب تحفہ میں دیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری نے 29 جون کو یورپ میں فروغ امن نصاب لانچ کیا تھا جس کی برطانیہ، فرانس، اٹلی، ڈنمارک میں تقاریب رونمائی منعقد ہو چکی ہیں۔ اسی سلسلہ میں جامع معلومات کیلئے امریکن قونصلیٹ نے وفد کے ہمراہ تحریک منہاج القرآن سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top