عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی، خرم نواز گنڈا پور

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23 دسمبر کی رات عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کریں گے
پاکستان سمیت دنیا بھر سے مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کانفرنس میں شرکت کریں گی

لاہور (14 دسمبر 2015) تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ عالمی میلاد کانفرنس ہر حال میں مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی۔ مینار پاکستان کے وسیع پنڈال کو سجانے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 23دسمبر کی رات عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کریں گے جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے معروف مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کانفرنس میں شرکت کر کے دنیا کو امن برائے انسانیت کا پیغام دیں گی۔ دنیائے اسلام کی سب سے بڑی عالمی میلاد کانفر نس میں مسلمانوں کے علاوہ دنیا کے دیگر مذاہب کے پیروکار بھی شرکت کریں گے اور اس اہم دن دنیا کو امن کا آفاقی پیغام دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ضیافت میلاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضیافت میلاد میں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی شریک تھے۔

یکم ربیع الاول سے 12 ربیع الاول تک مرکزی سیکرٹریٹ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں روزانہ رات ضیافت میلاد کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں تلاوت قرآن مجید، نعت خوانی اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر علماء کرام روشنی ڈالتے ہیں۔ ضیافت میلاد کے بعد منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ سے روزانہ آمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے مشعل بردار جلوس بھی نکالا جاتا ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کا مقصدحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانا اور دنیا کے تمام مذاہب کے پر امن لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ قیام امن کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کوششیں کریں۔ رنگ و نسل و مذہب سے ماورا ہو کر انسانیت کو بچانے اور اسے امن دینے کیلئے میدان عمل میں نکلیں۔ انہوں نے کہاکہ 23دسمبر لاہور شہر اس کانفرنس کے حوالے سے پوری دنیا کی توجہ کا مرکز بن جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top