فیصل آباد: ایم ایس ایم کی آرمی پبلک سکول کے شہداء کی پہلی برسی پر ضرب امن ریلی

فیصل آباد ( ) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی یاد اور اظہار عقیدت و محبت میں ضرب امن طلباء ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سنٹرل پنجاب کے صدرمیاں عنصرمحمود، تحریک منہاج القرآن کے ضلعی ناظم رانا رب نواز انجم، صدر شاہدسلیم، ناصروارثی، محمد عامرگجر، محمدآصف عزیز، ملک سرفراز قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو انسانیت کے دشمن اور سفاک دہشتگردوں نے پشاور میں معصوم بچوں کو شہید کر کے قومی تاریخ کا المناک سانحہ برپا کیا۔ سانحہ پشاور اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کی یادیں قیامت تک ہر پاکستانی کے دل میں زندہ رہیں گی۔ قوم آرمی پبلک سکول کے شہید پھولوں کو بھولی نہیں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ پشاور کے بچوں کے ساتھ جذباتی و قلبی وابستگی ہے۔ ہم دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف ہے۔ سب سے پہلے ڈاکٹر طاہرالقادری نے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کا اعلان کیا اور خود کش حملوں اور دہشت گردی کے خلاف 600 صفحات پر مشتمل فتوی دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو شہید کرنے والوں کا ایجنڈہ کچھ بھی ہو یہ اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں۔ دہشت گردی پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے پوری قوم کو یکسو اور یک جان ہو کر اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے کی بجائے موجودہ نظام کو موت دینے کیلئے اپنے کردار کو پہچانیں۔ اجتماعی شعور سے ہی ملک میں خوشحالی اور امن کا سورج طلوع ہو سکے گا۔ شہید بچوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ آخرمیں شہید ہونے واے بچوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top