عوام شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف رینجرز آپریشن کے منتظر ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری
آمد کی اطلاع پر حکومت کی جھوٹی ایف آئی آر میں جان پڑ گئی، فرد
جرم کی خبروں سے گھبرانے والے نہیں
سربراہ عوامی تحریک استنبول پہنچ گئے، دو روز مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر
گزارنے کے بعد 22 دسمبر کی شب لاہور روانہ ہونگے
لاہور (20 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری ٹورنٹو سے استنبول پہنچ گئے، استنبول ائر پورٹ پر پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے انکا پر تپاک استقبال کیا گیا، ائر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک منہاج القرآن کے زیر اہتمام منعقدہ 32ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کیلئے وطن جا رہا ہوں، انہوں نے کہاکہ میری آمد کی اطلاع پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے حکومت کی طرف سے درج کروائی گئی جھوٹی ایف آئی آر میں جان پڑ گئی مگر ہم فرد جرم کی خبروں سے گھبرانے والے نہیں، عوام نے 17 جون 2014 کے دن ہی پنجاب اور وفاق کے حکمرانوں کے خلاف فرد جرم عائد کر دی تھی اور اس فرد جرم پر ماڈل ٹاؤن پر قائم ہونے والے جوڈیشل کمیشن نے تصدیق کی مہر ثبت کر دی تھی۔ قاتل حکمرانوں کا حساب اور انجام قریب ہے انکا کوئی ہتھکنڈہ اب کارگر ثابت نہیں ہو گا۔ عوام شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کے خلاف رینجرز آپریشن کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کوہم بھولے ہیں اور نہ ہی اس خون کو معاف کریں گے۔ عوامی تحریک کے شہدا کے غریب اور غیور ورثا نے حکمرانوں کے کروڑوں روپے کو ٹھوکر مار کر جانثاری اور اپنے مشن سے کمٹمنٹ کی جو مثال قام کی ہے دنیا کی کوئی جماعت ایسی مثال پیش نہیں کر سکتی۔ ہمیں اپنے شہیدوں اور انکے عظیم ورثا پر فخر ہے، بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، ظالمانہ نظام کے خلاف بہنے والا یہ لہو رنگ لائے گا اور پاکستان کے کروڑوں غریب، مجبور اور بے بس عوام کو ان سفاک اور درندہ صفت حکمرانوں اور ظالم نظام سے ضرور نجات ملے گی۔
سربراہ عوامی تحریک 19 دسمبر کی شب استنبول پہنچے جہاں مختصر قیام کے بعد وہ مولانا روم رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کیلئے ’’قونیہ‘‘ گئے جہاں وہ دو روز گزارنے کے بعد 22 دسمبر کو ترکی کے مقامی وقت کے مطابق 8بجے شب لاہور کیلئے روانہ ہوں گے اور لاہور ائر پورٹ پر انکا شاندار استقبال کیا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سربراہ عوامی تحریک کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
تبصرہ