آئندہ نسلوں کیلئے کسی ایک نسل کو قربانی دینا پڑے گی، ڈاکٹر طاہرالقادری
کھرب پتی حکمران قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو نوچ رہے ہیں، کرپشن میں کمی آئی نہ عوام کی لاپروائی میں
حضرت عیسٰی علیہ السلام امن و محبت کے پیامبر تھے، سربراہ عوامی تحریک کی طرف سے دنیا بھر کے مسیحی عوام کو مبارکباد
بانیٔ پاکستان محمد علی جناح رحمتہ اللہ علیہ کے یوم پیدائش کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکریٹریٹ پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی اور بابائے قوم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔
Posted by Pakistan Awami Tehreek (PAT) on Friday, December 25, 2015
لاہور (24 دسمبر 2015) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کھرب پتی لٹیرے قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو نوچ رہے ہیں۔ آئندہ نسلوں کی خوشحالی کیلئے کسی ایک نسل کو قربانی دینا پڑے گی۔ افسوس قومی لٹیروں کی لوٹ مار میں کمی آئی نہ عوام کی لاپروائی میں۔
سربراہ عوامی تحریک نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کے یوم ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ناانصافی، حق تلفی، اقربا پروری، ناجائز منافع خوری، کرپشن، رشوت اور سفارش حد سے تجاوز کر گئی ہے، یہی وہ برائیاں تھیں جن کے بارے میں قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ نے خبردار کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ حادثاتی اور کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست کو خدمت کی بجائے کاروبار بنا لیا، ذاتی تجوریاں بھریں، قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے نام پر بار بار اقتدار حاصل کرکے ظلم و جبر کا بازار گرم کیا اور غریب کا استحصال کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج سیاسی جماعتیں، مافیاز میں تبدیل ہو چکی ہیں اور انکی دیدہ دلیری کا یہ عالم ہے کہ پہلے یہ عوام کو آنکھیں دکھاتے تھے، اب سرعام قومی سلامتی کے اداروں کو بھی للکارتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان عوامی تحریک قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو ڈھونڈ رہی ہے۔ ہمارا 10 نکاتی ایجنڈا قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سیاسی فکر سے عبارت سے انشا اللہ تعالیٰ غریب عوام کے ساتھ مل کر قائد اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے پاکستان کو لٹیروں سے نجات دلائیں گے۔
دریں اثناء سربراہ عوامی تحریک نے کامیاب عالمی میلاد کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے عہدیداران، کارکنوں اور ذمہ داروں کو مبارکباد دی، سربراہ عوامی تحریک نے حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسیحی عوام کو مبارکباد دی، انہوں نے کہاکہ حضرت عیسی علیہ السلام امن کے پیامبر تھے اور انکی تعلیمات انسانیت سے محبت، بھائی چارے کا سبق ملتا ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انبیاء کرام کی حقیقی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کریں اور اس دنیا کو امن کا گہوارہ بنانے میں انفرادی اور اجتماعی سطح پراپنا مثبت اور موثر کردار ادا کریں۔
تبصرہ