سینٹ پال چرچ لاہور حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے حوالے سے کیک کاٹا گیا
امن کے قیام کیلئے سیدنا عیسیٰ علیہ السلام اورحضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دی ہوئی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا، سہیل رضا
لاہور (24 دسمبر 2015) سینٹ پال چرچ لاہور میں بین المذاہب رہنماؤں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور پیغمبر اسلام آقائے دوجہاں حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں کیک کاٹا گیا، جس میں ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن سہیل احمد رضا ا ور دیگر مسلم رہنماؤں کے علاوہ ممتاز مسیحی رہنماء سمیوئیل رابرٹ عزرایا، ماڈریٹر بشپ آف رائیونڈ ڈائسیز نے مسیحی مذہبی رہنماؤں کے ساتھ شرکت کی۔
ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز تحریک منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے کہا کہ آج عالمی امن کے قیام کیلئے ہمیں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام جو کہ امن کے شہزادے تھے اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جوکہ تمام کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے انکی دی ہوئی تعلیمات پر عمل کر کے دنیا کو خوشحالی اور امن سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ اللہ تعالی نے اس سال کا اختتام دونوں پیارے رسولوں کے یوم ولادت سے کیا ہے، عالمی امن کیلئے مسلم مسیحی تعلقات کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اس موقع پر بشپ سیموئیل عزرایا نے دونوں مذاہب کے مابین دوستی، ہم آہنگی اور ایک دوسرے سے خوشگوار تعلقات کی ضرورت پر زور دیا۔
پروگرام کے اختتام پر حضرت عیسی علیہ السلام اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی مناسبت سے دو کیک کاٹے گئے اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا مانگی گئی۔
تبصرہ