ترجمان عوامی تحریک کا وفاقی وزیر پرویز رشید کے بیان پر ردعمل
سانحہ ماڈل ٹاؤن کا سارا ریکارڈ باقر نجفی کی جوڈیشل رپورٹ کا حصہ ہے
لاہور (27دسمبر2015) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث ملزمان کا سارا ریکارڈ جسٹس باقر نجفی کی مرتب کی جانے والی جوڈیشل انکوائری رپورٹ میں موجود ہے۔ جسے پنجاب اور وفاق کے حکمران ایک سال سے دبا کر بیٹھے ہوئے ہیں، ترجمان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان خود وزیر اعلیٰ پنجاب نے کیاتھا اور پوری قوم کے روبرو کہا تھا اگر کمیشن نے میری طرف اشارہ بھی کیا تو مستعفٰی ہو جاؤں گا مگر جیسے ہی رپورٹ مکمل ہوئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے اسے پبلک کرنے سے انکار کر دیا۔ ترجمان نے کہا کہ وفاقی وزیر پرویز رشید سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کے نام و پتہ جاننا چاہتے ہیں تو جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کا مطالعہ کریں اور اسے جاری کروائیں۔
ترجمان نے کہا کہ 17 جون 2014 کے دن پنجاب کے حکمرانوں کے حکم پر ریاست کے ادارے پولیس نے 14 کو شہید اور 85 کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا تھا اور حکمران انصاف کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیڈروں کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تذکرہ کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر وہ بیانات سے آگے بڑھیں۔ قومی اسمبلی، سینٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں معاملہ اٹھائیں اور شہدا کے لواحقین کو انصاف دلوانے میں اپنا قومی، آئینی، سیاسی، اخلاقی، انسانی کردار ادا کریں۔
تبصرہ