اٹلی: منہاج القرآن بریشیاء کی میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس

بریشیاء منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیا کے زیراہتمام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پاک کے سلسلے میں میلاد مصطفےٰ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ 25 دسمبر 2015 کی شام بریشیا کے فیرا ہوٹل میں منعقد اس عظیم الشان کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بریشیا کے عہدیداران و کارکنان سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمانانِ گرامی میں منہاج پیس اینڈ انٹریگیشن یورپ کے صدر اقبال شاہ، منہاج القرآن ساؤتھ اٹلی کے سیکرٹری جنرل مختار احمد قادری، منہاج القرآن نارتھ اٹلی کے صدر اعجاز احمد اعوان، سیکرٹری جنرل شاہد عارف اعوان، محمدیہ مسجد کے امام حافظ محمد فاروق اور مدنی اسلامک سنٹر کے امام قاری قمر مدنی شامل تھے۔ کانفرنس میں زاہد انور کی طرف سے میلاد النبی صلیٰ اللہ علیہ وآلہ سلم کا کیک کاٹا گیا۔

کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ معظم نے حاصل کی، جبکہ راجہ عثمان، حاجی الیاس، اویس برادران اور سجا د حسین قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی جبکہ منہاج القرآن بریشیاء کے سیکرٹری جنرل عمر فاروق نے نقابت کے فرائض ادا کیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے خطیب علامہ عتیق احمد قادری نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو موضوع سخن بناتے ہوئے امت کے لیے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں پنہاں افادیت بیان کی۔ انہوں نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کی اس معاشرے میں رہتے ہوئے اسلامی اقدار کے مطابق تربیت کریں اور انہیں محافل میں ساتھ لایا کریں۔

محفل کے اختتام پر علامہ وقار احمد قادری نے دعا فرمائی جس کے بعد حاضرین کو ضیافت میلاد پیش کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top