آئرلینڈ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام سالانہ محفل میلاد مصطفی (ص)

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام اسلامک سنٹر اتھلون میں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے مختلف مذہبی اور سیاسی تنظیموں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز قاری آصف نواز نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت فرقان اسلم، محمد شہزاد، محمد آصف اور ندیم صدیقی نے حاصل کی۔ اس موقع پر نقابت کے فرائض محمد طارق سلیم اور محمود راجہ نے سرانجام دیئے۔

کانفرنس کے مہمان قاری عبدالمجیدنے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا خاتم النبیین ہونا قرآن وحدیث کی صریح نص سے ثابت ہے۔ ختم نبوت اساس ایمان ہے۔ سلسلہ ختم نبوت عقائد کے باب میں انتہائی حساس اور بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی ہی وہ نسخہ کیمیا ہے جو امت کے مرض کہن کا علاج ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانا اور اس پر خوشیاں منانا قرآن وسنت کی روشنی میں جائز ہے۔ منہاج القرآن آئرلینڈ کے امیر علامہ محمد عدیل نے اپنے پیغام میں فرمایا کہ بندگی کا اعلیٰ ترین مقام یہ ہے کہ بندہ ہر چیز سے کٹ کر اللہ اور اس کے رسول سے ٹوٹ کر محبت کرے۔

منہاج القرآن انترنیشنل آئرلینڈ کے امام و خطیب آصف نواز نے اپنے خطاب میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارکہ کو ایمان کا مرکز ومحور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں منکرین نبوت کی طرف سے کھڑی کی گئی ہر دیوار کو گرانے میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔ محفل کے روح رواں محمد طارق سلیم نے اظہار تشکر ادا کیا۔ پروگرام کی کامیابی کے لئے محسن رضا، فیصل عباس، راجہ گرل، محمد لطیف، ذکی، عبدالباسط، محمد عثمان، محمد طلحہ، شاہد خان، محمد عاطف اور رام مورتی عرف بگا نے بھرپور تعاون کیا۔ اختتامی دعا پیر غلام دستگیر نے کرائی اورشرکا کو لنگر پیش کیا۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top