بلوچستان: نظامت تربیت کے تحت ’’آئیں دین سیکھیں‘‘ کورسز کا اجرا

بلوچستان میں مرکزی نظامت تربیت کے تحت فیلڈ میں جاری کردہ کورسز کے سلسلے میں نظامت تربیت کے معلم سید طیب حسین شیرازی نے ماہ نومبر و دسمبر 2015ء میں مختلف مقامات پر " آئیں دین سیکھیں" کورسز کروائے۔ ان کورسز میں کثیرتعداد میں طلباء و طالبات، اساتذہ اور عوام الناس نے شرکت کی۔

کورسز کی تفصیل درج ذیل ہے۔

درگ

ماہ نومبر کے آغاز میں درگ میں حافظ محمد سکندر کی معاونت سے تین مقامات پر ’’ آئیں دین سیکھیں کورس‘‘ کی کلاسز کا اجرا ہوا جن میں گورنمنٹ ہائی سکول درگ، گورنمنٹ مڈل سکول درگ اور الرازی پبلک ہائی سکول شامل تھے۔ ان کلاسز میں 105 شرکاء نے شرکت کی جنہوں نے کورس کو مکمل کیا۔ اس موقع پر مزید کورسز کی بریفنگ بھی دی گئی اور مستقبل قریب میں وہاں دوبارہ کلاسز کے آغاز کے بارے مطلع کیا گیا۔

وادی رڑکن

سید طیب حسین شیرازی نے وادی رڑکن کے مقام کا  سات روزہ دورہ کیا، اس دوران انہون نے دو مقامات پر پانچ روزہ ’’آئیں دین سیکھیں کورس‘‘ ترتیب دیا جن میں منہاج القرآن ماڈل ہائی سکول وادی رڑکن اور منہاج القرآن گرلز ماڈل ہائی سکول وادی رڑکن شامل ہیں۔ ان تمام کورسز کے آرگنائزرز صاحبزادہ فیض اللہ جان حسنی تھے۔ ان دو کلاسز میں 82 شرکاء تھے جنہوں نے کورس مکمل کیا۔

سبی

24 نومبر 2015ء تا 30 نومبر 2015ء تک سبی میں تین مقامات پر کلاسز کا آغاز کیا گیا۔ جس کےآرگنائزرز پیر سید ہمت شاہ بخاری اور ڈاکٹر نثار صاحب تھے۔ ان کلاسز کا انعقاد گورنمنٹ گرلز ایلمنٹری کالج، سات مرلہ U.C 1 سبی اور دفتر تحریک منہاج القرآن سبی کے مقامات پر کیا گیا۔ کلاسز میں شرکاء کی تعداد 80 تھی۔

ڈیرہ مراد جمالی

30 نومبر 2015ء تا 05 دسمبر 2015ء تک ڈیرہ مراد جمالی میں مرکزی نظامت تربیت کے تحت چار مختلف مقامات پر کورسز کا آغاز کیا گیا جن میں حماد پبلک ہائی سکول، کرن پبلک ہائی سکول، پیرا گون پبلک ہائی سکول اور سیال محلہ وارڈ نمبر 18 ڈیرہ مراد جمالی شامل ہے۔ ان کلاسز میں شرکاء کی تعداد 125 تھی۔

کنگری

بلوچستان کے علاقہ کنگری میں نظامت تربیت کے تحت ہونے والے کورسز کی ابتدائی بریفنگ دی گئی جس میں کنگری اور راڑہ شم کی تنظیمات کے عہدیدارن، رفقاء اور تحریک منہاج القرآن سے وابستہ دیگر افراد نے شرکت کی اور مستقبل قریب میں کورسز کے انعقاد کی یقین دہانی کروائی۔

کوہلو

کوہلو میں بھی مرکزی نظامت تربیت کے معلم سید طیب حسین شیزاری نے تمام کورسز کی بریفنگ دی۔ جس میں کوہلو اور بارکھان کے تنظیمی عہدیداران، رفقاء وابستگان، عوام الناس اور دیگر مسالک کے رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تحریک منہاج القرآن کی فروغ علم کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ ہم مذہبی اختلافات سے بالا تر ہو کر فروغ علم کے اس مشن میں تحریک منہاج القرآن کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کورسز کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں میں کورسز کے انعقاد سے دور رس نتائج برآمد ہوئے اور مستقبل میں مزید حوصلہ افزا نتائج کی توقع ہے۔ ان کورسز کے انعقاد میں مرکزی کوآرڈینیٹر نائب ناظمین اعلی احمد نواز انجم نے خصوصی شفقت اور نگرانی فرمائی۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں منعقدہ کورسز کے اختتام پر شاندار تقاریب تقسیم اسناد کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں معززین علاقہ، اساتذہ وطلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقاریب کے دوران اساتذہ نے مستقبل میں بھی ایسے کورسز کے انعقاد پر زور دیا۔ ان مواقع پر نظامت تربیت کے معلم سید طیب حسین شیزاری نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت کی بھرپور دعوت دی جس کے نتیجہ میں 12 افراد نے تحریک منہاج القرآن کی رفاقت اختیار کی، اسی طرح نظامت تربیت کے معلم کی کاوش سے 9 حلقات درود قائم ہوئے۔

مزید براں کورسز کے تعارف کے لیے معلم طیب حسین شیزاری نے موسیٰ خیل، رکنی، صحبت پور اور ڈیرہ اللہ یار کے تنظیمی عہدیدران سے ملاقات کی اور کورسز کی ابتدائی بریفنگ دی، جس کی بنا پر مستقبل قریب میں بلوچستان میں بھرپور تعلیمی وتنظیمی نتائج کی توقع ہے۔

رپورٹ: عظمت فرید جوئیہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top