رسول کریم (ص) کی تعلیمات قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں: صاحبزادہ فیض الرحمن درانی
انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور س(یکم جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ اسلام صرف مذہب نہیں بلکہ مکمل دین ہے۔ 15 سو سال قبل رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جو تعلیمات دیں وہ قیامت تک کی انسانیت کیلئے مکمل ضابطہ حیات ہیں، اسلامی اقدار کی خوبی ہے کہ یہ افراد کی خواہشات کے مطابق بدلتی نہیں بلکہ انکو ہر لمحہ بھٹکنے سے بچا لیتی ہیں۔ اسلام نے مسلم ریاست کے اندر غیر مسلموں کو جو حقوق دیئے وہ ہمارے مذہب کی سنہری تاریخ ہیں، دین اسلام نے تو جانوروں کے حقوق کو بھی مکمل تحفظ دیا ہے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ فیض الرحمن درانی نے کہاکہ دین اسلام نے فرد کو انفرادی اور اجتماعی حقوق دے کر اسکی تکریم میں اضافہ کیا ہے۔ آج پاکستان سمیت دیگر مسلم ریاستوں میں انسانی حقوق کی پامالی اس لئے ہے کہ ہم نے اپنے دین کی زریں اقدار کو فراموش کر دیا ہے۔ اس لئے امت مسلمہ تنزلی کی طرف جا رہی ہے، انہوں نے کہاکہ مغربی معاشروں میں حقوق انسانی کا تصور اسلام کے بنیادی اصولوں کے قریب تر ہے۔ انسانی حقوق اور دین اسلام لازم و ملزوم ہیں، نام نہاد متعصب سکالرز اسلامی روح کو سمجھنے سے قاصر ہیں، انکے مطالعے کا ماخذ حقیقی اسلامی فکر نہیں ہے اس لئے وہ اسلام کے دئیے گئے حقوق کے حوالے سے متذبذب ہیں انہیں مطالعہ و تحقیق کی عادت اپنانی ہو گی۔
تبصرہ