اخوت کے عظیم رویوں کو عام کرنے کی ضرورت ہے: فیض الرحمن درانی

مسلمان مسلمان کا گلہ کاٹ رہا ہے، تعصب نے ایک دین کے پیروکار ہونے کا فخر بھی چھین لیا ہے
ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ کا پروگرام ہفتہ کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو گا
صاحبزادہ فیض الرحمن درانی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

لاہور (8 جنوری 2016) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ دین کی اصل روح کو فراموش کر کے مذہب کو رسم بنا دیا گیا ہے جس کے باعث ہماری زندگیوں سے حقیقی خوشی، سکون اور خوشحالی رخصت ہو گئی ہے، معاشرے کی غالب اکثریت عبادات بھی کرتی ہے اور دوسروں کے حقوق غصب کرنے سے بھی باز نہیں آتی جو اصل المیہ ہے، اسلام نے اخوت کے عظیم رویوں کو فروغ دیا ہے جس کے باعث مستحقین زکوۃ کو ڈھونڈنا پڑتا تھا مگر آج لاکھوں کروڑوں کا رزق چند مٹھیوں میں قید ہے، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم نے مثبت اقدار کو رخصت کر دیا ہے، وہ جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، فیض الرحمن درانی نے کہا کہ نفسا نفسی کا عالم ہے مسلمان مسلمان کا گلہ کاٹ رہا ہے، تعصب نے ایک دین کے پیروکار ہونے کا فخر بھی چھین لیا ہے جو آج کے دور کی سب سے بڑی بدقسمتی ہے، انہوں نے کہا کہ غریب کیلئے باعزت زندگی گزارنے کا تصور بھی خواب بن چکا ہے، انتہا پسندی، لاقانونیت اور منفی رویے سب اللہ کی ناراضگی کا سبب ہیں، پاکستانی قوم اللہ سے اجتماعی معافی مانگے، سجدوں کی کثرت کر کے اللہ کے حضور آنسو بہائے، اسلام کے دئیے گئے اخوت کے عظیم رویوں کو معاشرے میں عام کرنے کی ضرورت ہے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ کا پروگرام ہفتہ کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں بعدنماز عشاء منعقد ہو گا، مجلس ختم الصلوۃ کے پروگرام میں مرکزی گوشہ درود اور حلقہ ہائے درود میں پڑھا جانے والا درود پاک حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں پیش کیا جائیگا، جید علمائے کرام، مشائخ عظام اور معروف نعت خواں بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں گلہائے عقیدت پیش کرینگے، پروگرام کے اختتام پر ملکی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمہ اور عالم اسلام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی جائیگی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top